زیر زمین پانی حد سے زیادہ نکال چکے ،سالانہ ایک میٹر کمی ہو رہی ہے جو انتہائی تشویشناک بات ہے ‘ ایم ڈی واسا

ایشیاء میں لاہور سب سے زیادہ پانی استعمال کرنے والا شہر بن گیا ہے ، ایک دہائی کے بعد پانی کی لوڈ شیڈنگ بھی ہو سکتی ہے‘ چوہدری نصیر احمد

منگل 24 مئی 2016 19:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 مئی۔2016ء ) منیجنگ ڈائریکٹر واسا چوہدری نصیر احمد نے انکشاف کیا ہے کہ زیر زمین پانی حد سے زیادہ نکال چکے اور اس میں سالانہ ایک میٹر کمی ہو رہی ہے جو کہ بہت تشویشناک بات ہے ، ایشیاء میں لاہور سب سے زیادہ پانی استعمال کرنے والا شہر بن گیا ہے ، ایک دہائی کے بعد پانی کی لوڈ شیڈنگ بھی ہو سکتی ہے ۔

اس صورتحال کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس لاہور میں کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل اور مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی پرویز ملک کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں کیا جس میں پانی کی قلت ، مون سون کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد ، ایڈیشنل کمشنر عثمان خالد ،ڈی ایم ڈی واسا اصغر بھلی ، اے ڈی سی عرفا ن میمن ،اے سی منور بخاری ،آمنہ رفیق ، پراجیکٹ ڈائریکٹر اور نج لائن مظہر حسین خان ،جی ایم آپریشنز ایل ڈبلیو ایم سی سہیل انور ملک ،آصف اقبال ،اراکین پنجاب اسمبلی غزالی سلیم بٹ ،ماجد ظہور ، ملک وحید سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ایم ڈی واسا چوہدری نصیر احمد نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ ہم زیر زمین پانی حد سے زیادہ نکال چکے ہیں اور زیرزمین پانی ایک میٹر سالانہ کم ہورہا ہے جو کہ بہت تشویشناک بات ہے ۔انہوں نے بتایا کہ شہر میں ٹیوب ویلز کی تعداد 517سے بڑھ چکی ہے ۔شہر کے 30علاقوں میں اس وقت پانی کی شدید قلت ہے جہاں نئے ٹیوب ویلز لگائے جارہے ہیں اور 2سے 6گھنٹے ٹیوب ویلز چلائے جارہے ہیں تاکہ پانی کی قلت کو پورا کیا جاسکے ۔

لوڈشیڈنگ کے تناسب سے 6گھنٹے جنریٹر چلانے کی اجازت ہے تاہم جہاں پانی کی قلت زیاد ہ ہے وہاں جنریٹر چلانے کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے ۔بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی ماجد ظہور نے اعتراض کیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے حلقے میں تو 15ٹیوب ویل لگائے جارہے ہیں لیکن وزیراعظم نوازشریف کے حلقے میں ایک بھی ٹیوب ویل نہیں لگایاجارہا واسا کی یہ تقسیم سمجھ سے باہر ہے ۔ مسلم لیگ (ن) لاہو رکے صدر و رکن قومی اسمبلی پرویز ملک نے کہاکہ شہریوں کو پانی دینا ہمارا فرض اوردینی فریضہ ہے ۔پانی کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کا رلائے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :