امریکی حملہ پاکستان کی سالمیت کی خلاف ورزی ہے ٗوزیراعظم اور امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے درمیان کیابات ہوئی ؟ شاہ محمود قریشی

منگل 24 مئی 2016 18:58

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 مئی۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ وزیراعظم اور امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے درمیان کیابات ہوئی ؟پارلیمنٹ کو آگاہ کیا جائے ۔ راولپنڈی جوڈیشل کمپلیکس میں خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے جوڈیشل کمیشن کے معاملہ پرحکومت کی نیت پر شبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاناا لیکس کے معاملہ پر وقت ضائع کر رہی ہے ٗچیف جسٹس سے پاناما لیکس کی تحقیقات پر سب نے اتفاق کیا ہے تاہم حکومتی ٹی او آرز پر چیف جسٹس نے بھی کہہ دیا کہ اس سے کچھ نہیں ہو سکتا ۔

شاہ محمود قریشی نے ملا منصور پر ڈرون حملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حملہ پاکستان کی سالمیت کی خلاف ورزی ہے ۔

(جاری ہے)

اس حوالہ سے امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے جو گفتگو کی ہے وزیراعظم اس سے پارلیمنٹ کو آگا ہ کریں۔ شاہ محمود قریشی نے استفسار کیا کہ کیاہمارے ادارے شاف تحقیقات کرسکتے ہیں۔؟انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں سے عوام کی جان چھڑانا چاہتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ آئین و قانون کے تحفظ کے لیے وکلا برادری کی خدمات قابل تحسین ہیں ، عدلیہ کی آزادی کے لئے راولپنڈی بار کا کردار بہت اہم رہا ۔ وکلا سے درخواست ہے کرپشن کے خلاف تحریک انصاف کی جاری تحریک میں ساتھ دیں ۔ عمران خان نے احتساب کے لیے خود کو پیش کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں حکومتی اداروں نے تحقیقاتی اداروں کو اپنے مقاصد کے لئے استعمال کیا ، اس لئے تحریک انصاف نے تجویز کیا چیف جسٹس تحقیقات کریں ، جنہیں فورنزک ماہرین کی معاونت حاصل ہو ۔ ملک میں احتساب بیورو کو ماضی میں سیاسی مفاد کے لیے استعمال کیا گیا ، حکومت ٹی او آرز پر سپریم کورٹ نے کہا کہ ان سے کچھ حاصل نہیں ہوگا ۔