ریسٹورنٹ و ہوٹلز میں صفائی ستھرائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے،گورنر سندھ

سٹاف کی صحت کے سرٹیفکیٹ یا ہیلتھ کارڈز بنائے جائیں ، گورنر ہاؤس میں ریسٹورنٹ و ہوٹلز کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں متعلقہ حکام کو ہدایت

منگل 24 مئی 2016 18:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 مئی۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں ریسٹورنٹ میں حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کھانوں کی تیاری کو ہر صورت یقینی بنانے کیلئے شیڈول اور سرپرائذ وزٹ کئے جائیں اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں ہوٹل کچن / ریسٹورنٹ کی صفائی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں پرنسپل سیکریٹری محمد حسین سید، کمشنر کراچی سید آصف حیدرشاہ ، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔ گورنر سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ریسٹورنٹ و ہوٹلز میں کچن اسٹاف کے لئے مخصوص لباس ، گاؤن ، دستانے اور ویٹرز کے لئے بھی علیحدہ مخصوص لباس کو یقینی بنائیں تاکہ ان کی علیحدہ پہچان ہوسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کچن میں کھانوں کی تیاری کے لئے صفائی کا خاص خیال رکھنا ہوگا کیونکہ یہ عوامی مفاد میں بہتر اقدام اور حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اس ضمن میں ریسٹورنٹ اور ہوٹل مالکان ، انتظامیہ اور یونین کے ساتھ مل کر قوانین پر عملدرآمد کرنا ہوگا ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کچن اسٹاف، ویٹرز اور دیگر ملازمین کی صحت کے سرٹیفکٹ یا ہیلتھ کارڈز بنائے جائیں تاکہ ایک صحت مندانہ ماحول کو یقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ریسٹورنٹ و ہوٹل مالکان کو مخصوص پارکنگ کیلئے علیحدہ جگہ مخصوص کرنا ہوگی تاکہ ریسٹورنٹ و ہوٹل کے اطراف ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہوسکے۔ ریسٹورنٹ و ہوٹلز مالکان کے تحفظات پر گورنر سندھ نے کہا کہ اس ضمن میں متعلقہ اتھارٹی سے مل کر قانون وضح کرنے ہونگے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صوبہ بھر کے غیر رجسٹرڈ ریسٹورنٹ و ہوٹلز کی فہرست مرتب کی جائے اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کو اعتماد میں لیا جائے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ادارے یا افسران خود کو محدود نہ کریں اور کسی بھی شکایت پر فوری ایکشن لیا جائے۔ اجلاس میں انوائرمنٹل مینجمنٹ پلان Environmental Management Plan کی تشکیل پر گورنر سندھ نے کہا کہ صحت مندانہ ماحول کے لئے ہر ممکن قانون بنانا اور اس پر عملدرآمد کرانا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اس پلان پر فوری عملدرآمد کیا جائے۔ اجلاس میں گورنر سندھ کو صوبہ میں ریسٹورنٹ و ہوٹلز سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ گورنر سندھ نے 3 ماہ میں تمام ذمہ داریاں ادا کرنے کے لئے کوڈ آف کنڈکٹ بنانے پر بھی زور دیا۔

متعلقہ عنوان :