حکومت سندھ اپنے ووٹرز کی داد رسی کرنے میں ناکام ہوگئی ہے،خواجہ اظہار الحسن

وزریراعلی سندھ ،وزرا کے الیکٹرک کیساتھ بات کرنے میں کیوں ہچکچاتے ہیں،اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کے الیکٹرک کے حکام نے رمضان المبارک میں سحر و افطار کے اوقات کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے،میڈیا سے گفتگو

منگل 24 مئی 2016 18:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 مئی۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ اپنے ووٹرز کی داد رسی کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔وزریراعلی سندھ اور وزرا کے الیکٹرک کے ساتھ بات کرنے میں کیوں ہچکچاتے ہیں۔کے الیکٹرک کے حکام نے رمضان المبارک میں سحر و افطار کے اوقات کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ گزشتہ دوہفتوں سے کے الیکٹرک کے حکام سے ملاقات کی کوشش کررہے تھے ۔کراچی کے ایک نجی ہوٹل میں ایم ڈی کے الیکٹر ک سے ملاقات ہوئی ہے ،جس میں ارکان سندھ اسمبلی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا ۔انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کے ایم ڈی نے بتایا ہے کہ کراچی میں صرف 13فیصد بجلی چوری ہورہی ہے ۔

ہم ان سے کہا ہے کہ جو شہر 87فیصد بل ادا کررہا ہے وہاں کیوں لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ،لوڈ شیڈنگ کا ڈرامہ بند کیا جائے ۔بجلی بچاکر کے الیکٹرک اپنے پیسے بچارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایم ڈی کے الیکٹرک نے یقین دہانی کرائی ہے کہ رمضان المبارک میں سحر و افطار کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ اسپتالوں ، تعلیمی اداروں اور پانی کے پمپنگ اسٹیشنز پر لوڈ شیڈنگ ختم کی جائے۔

کے الیکٹرک میں مقامی لوگوں کو بھرتی کیا جائے ۔ہمیں دیگر صوبوں سے کے الیکٹرک میں بھرتیاں برداشت نہیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے ایم پی اے کی بے چارگی دیکھیں کہ وہ بھی الیکٹرک کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔کیا ماجرا ہے سندھ میں حکومت بھی مظاہرہ کررہی ہے۔حکومت سندھ اپنے ووٹرز کی دادرسی میں ناکام ہوگئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ بضد رہے کہ کے الیکٹرک افسران انکے پاس آئیں ۔وزیراعلی سندھ اور وزرا خود کے الیکٹرک کے دفاتر جانا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی نجکاری پر بات کرنے والے ہمیں بتائیں کہ انہوں نے کیا کیاَاورکے الیکٹرک کی زیادتیوں کے خلاف کتنی قرارداد منظور کرائی ہیں ۔انہوں نے وفاقی حکومت سے اپیل کی کہ وہ کے الیکٹرک کے خلاف نوٹس لے ۔