گھروں اورگلی محلوں میں لاروا کی ممکنہ افزائش کی جگہوں کی نشاندہی کریں حفاظتی تدابیر اختیار کریں‘بیگم ذکیہ شاہنواز

منگل 24 مئی 2016 18:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 مئی۔2016ء ) صوبائی وزیر تحفظ ماحولیات بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ اساتذہ اور طالبات ڈینگی کے تدارک کے لئے انفرادی واجتماعی سطح پر عوام الناس میں شعور بیدار کریں ،گھروں اورگلی محلوں میں لاروا کی ممکنہ افزائش کی جگہوں کی نشاندہی کریں اور حفاظتی تدابیر اختیار کریں،خاص طور پر پانی کی ٹینکیوں،گملوں وغیرہ میں ڈینگی مچھر پیدا ہونے کی صورت میں متعلقہ یونین کونسل کے ڈینگی سکواڈ سے رابطہ کریں۔

(جاری ہے)

اس امر کا اظہار انہوں نے یہاں گریژن یونیورسٹی میں ایک روزہ ڈینگی آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ڈینگی کے خاتمے کے لئے موثر حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے اس کا بھرپور مقابلہ کیا ہے۔انہوں نے یونیورسٹی کے ڈینگی آگاہی سیمینار کے انعقاد کی کاوش کو سراہا اور کہا کہ عوام حکومتی پالیسیوں میں حکومتی نمائندوں سے تعاون کریں۔سیمینار میں ڈائریکٹر جنرل تحفظ ماحولیات جاوید اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر تحفظ ماحولیات نصرت ناز،ڈائریکٹر نسیم الرحمن شاہ اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔