مسلم لیگ (ن) نے اپنے ہر دور میں عوام کی ریکارڈ خدمت کی ہے، ڈپٹی میئر اسلام آباد چوہدری رفعت جاوید

منگل 24 مئی 2016 18:30

اسلام آباد ۔ 24 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 مئی۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) رہنما و فیڈرل کپیٹل اسلام آباد کے ڈپٹی میئر چوہدری رفعت جاوید ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کے امنگوں کی ترجمان سیاسی جماعت ہے جس نے اپنے ہر ادوار میں عوام کی ریکارڈ خدمت کی ہے اور ترقیاتی کاموں کے جال بچھا دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، پاکستان کے غیور عوام کو پاکستان مسلم لیگ (ن) پر اعتماد ہے، اپوزیشن سیاسی جماعتوں کا واحد مقصد پاکستان کی ترقی و ملکی مفادات کو ٹھیس پہنچانے کے سوا اور کچھ نہیں ہے، تبدیلی کے دعویداروں کو ہمیشہ منہ کی کھانا پڑے گی۔

اپنے بیان میں چوہدری رفعت جاوید ایڈووکیٹ نے کہا کہ عوام اپنے نمائندوں کو ووٹ دے کر ایوان میں اس لئے بھیجتے ہیں کہ وہ ان کے مسائل کا تدارک کر سکیں نہ کہ اس لئے کہ وہ وہاں پہنچ کر اپنی انا کی تسکین کیلئے ملکی مفادات کو ٹھیس پہنچائیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی میئر چوہدری رفعت جاوید ایڈووکیٹ نے کہا کہ اپوزیشن حالات خراب کرنے کی بجائے پانامہ لیکس کی صاف و شفاف تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیٹی سے ٹی او آرز کی تشکیل کیلئے تعاون کرے تاکہ پانامہ لیکس کے ضمن میں لگنے والے الزامات کو منطقی انجام تک پہنچا کر آگے بڑھا جا سکے اور ملک کی ترقی اور عوام کے مسائل حل کئے جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :