مولانا فضل الرحمن ، آصف زرداری کے پرانے دوست ، دونوں کی ملاقات میں کوئی مضائقہ نہیں ،سابق صدر پارٹی چیئرمین کے موقف سے ہٹ کر کوئی اقدام نہیں اٹھائیں گے ، زرداری نوازممکنہ ملاقات سے متعلق پارٹی مشاورت نہیں کی گئی،پاناما لیکس کرپشن کا معاملہ ہے ، اپوزیشن اورحکومت مل گئے تویہ بدقسمتی ہوگی‘قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کی میڈیا سے گفتگو

منگل 24 مئی 2016 18:23

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 مئی۔2016ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن ،سابق صدر آصف علی زرداری کے پرانے دوست ہیں،ان کی ملاقات میں کوئی مضائقہ نہیں تاہم آصف علی زرداری پارٹی چیئرمین کے موقف سے ہٹ کر کوئی اقدام نہیں اٹھائیں گے،آصف زرداری اور وزیر اعظم نوازشریف کی ملاقات سے متعلق پارٹی مشاورت نہیں کی گئی،پاناما لیکس کرپشن کا معاملہ ہے اگر اپوزیشن اورحکومت مل گئے تویہ بدقسمتی ہوگی۔

وہ منگل کو یہاں میڈیا سے گفتگو اور مولانا فضل الرحمان ،آصف زرداری کے درمیان ملاقات پرردعمل ظاہر کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پا کستانی حدود میں امریکی ڈرون حملہ ملکی سلامتی کے خلاف ہے،اختر منصورکو ولی محمد کے نام کا شناختی کارڈ یا پاسپورٹ کیسے اور کب جاری ہوا،دونوں معاملات وزارت داخلہ سے متعلق ہیں،چوہدری نثارمعا ملے پر وضاحت دیں،ڈرون حملے ایسے وقت میں ہوئے جب تین ملکوں کے سربراہ مل رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پانا ما لیکس کا معاملہ پارلیمنٹ کیلئے بہت بڑا چیلنج ہے،آصف زرداری اور نوازشریف ملاقات سے متعلق پارٹی سے مشاورت نہیں کی گئی،مولانا فضل الرحمن سابق صدر آصف علی زرداری کے پرانے دوست ہیں،ان کی ملاقات میں کوئی مضائقہ نہیں تاہم سابق صدر پارٹی چیئرمین کے موقف سے ہٹ کر کوئی اقدام نہیں اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کرپشن کا معاملہ ہے اگر اپوزیشن اورحکومت مل گئے تویہ بدقسمتی ہوگی۔