پاکستان امن پسند ملک ہے جس نے دنیا کو دہشت گردی سے پاک کرنے کیلئے ہر طرح کی قربانی دی ہے،محمد رفیق رجوانہ

مسائل کس ملک میں نہیں ہوتے اگر ان کے حل کیلئے موثر حکمت عملی اختیار کی جائے تو یہی چیلنجز مواقعوں میں بدل جاتے ہیں ‘ گورنر پنجاب

منگل 24 مئی 2016 18:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 مئی۔2016ء ) گورنرپنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جس نے دنیا کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے ہر طرح کی قربانی دی ہے اور پاکستان کی قربانیوں کو ہر سطح پر سراہا جا رہا ہے ،دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے ہمیں اپنے ذاتی اختلافات کو بھلاکر ایک ہونا ہو گاتاکہ امن کے دشمنوں کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہ ہونے دیا جا سکے- ان خیالا ت کا اظہار انہو ں نے پاکستان میں زیرِ تربیت مختلف دوست ملکوں کے آرمی آفیسرز سے گفت گو کے دوران کیا جنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی ۔

وفد کی قیادت لیفٹینٹ کرنل سجاد رضا کررہے تھے -گورنر پنجاب نے کا کہا کہ دوست ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دے کر ایک دوسرے کے مسائل حل کرنے میں مدد مل سکتی ہے ، ہمیں ایک دوسرے کی طاقت بنتے ہوئے ہر ایسے معاملے پر ایک دوسرے کو سپورٹ کرنا ہوگا جس سے دنیا کو اختلافات اور مسائل سے دور کیا جا سکے-انہو ں نے کہا کہ پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت مل کر نہ صرف ملک و قوم بلکہ خطے کی بہتری کے لیے صحیح سمت پر گامزن ہے اور ضرب عضب کی کامیابی نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے لیے امن و محبت کا پیغام لے کر آئے گی -انہو ں نے کہا کہ مسائل کس ملک میں نہیں ہوتے اگر ان کے حل کے لیے موثر حکمت عملی اختیار کی جائے تو یہی چیلنجز مواقعوں میں بدل جاتے ہیں - گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کی موجودہ سیاسی قیادت اس وژن پر عمل کرتے ہوئے ملک میں توانائی کے بڑے منصوبے انفراسٹرکچر کی بہتری اور صنعتی ترقی کے لیے کوشاں ہے جس سے ملک میں معاشی سرگرمیاں تیز ہوئی ہیں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں-گورنر پنجاب نے کہاکہ پیشہ ورانہ افرادی قوت کے فروغ کے لیے تعلیم خصوصا ٹیکنیکل ایجوکیشن پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے اور صحت ، تعلیم اور سوشل سیکٹر کے بجٹ میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے- گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے جس سے یقینا معاشی سرگرمیوں پر مثبت اثرات مرتب ہو ں گے-اس موقع پر گورنر پنجاب نے آرمی سکول آف لاجسٹکس کے کردار کو سراہا اور کہا کہ یہ ادارہ دوست ملکوں کے عسکری افسران کی تربیت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے - گورنر پنجاب نے وفد کے شرکاء کے سوالات کے جوابات بھی دیے-وفاق اور صوبوں کے درمیان مثالی تعلقات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ پورا پاکستان ایک کنبے کی مانند ہے جس میں پنجاب نے ہمیشہ بڑے بھائی کے طور پر دیگر صوبوں کے ساتھ تعاون کی اعلی مثالیں قائم کی ہیں اور پنجاب کے وزیر اعلی محمد شہباز شریف اس سلسلے میں پیش پیش ہیں - انہو ں نے کہا کہ حال ہی میں وزیر اعظم محمد نواز شریف نے سوات میں گردوں کے جدید ہسپتال کا افتتاح کیا ہے - انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے بلوچستان میں دل کے جدید ہسپتال کے اعلان کے ساتھ ساتھ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں دیگر صوبوں کے لیے کوٹہ بھی مختص کر رکھا ہے- دریں اثناگورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے جہلم سے مسلم لیگ نون حلقہ63 سے رکن قومی اسمبلی راجہ اقبال مہدی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے۔

(جاری ہے)

اپنے تعزیتی پیغام میں گورنرپنجاب نے دعا کی ہے کہ اﷲ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر و استقامت سے برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔