لاہور چیمبر تاجر برادری کے ساتھ کھڑا ہے اور اسے درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کوششیں کررہا ہے‘شیخ محمد ارشد

حکومت وفاقی بجٹ میں نئے ٹیکس لگانے سے گریز کرے ،ودہولڈنگ ٹیکس پر تاجروں کے تحفظات دور کرکے انہیں معاشی ترقی میں کردار ادا کرنے کا موقع مہیا کرے‘صدر لاہور چیمبر کا اعلیٰ سطحی وفد سے خطاب

منگل 24 مئی 2016 17:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 مئی۔2016ء ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد نے کہا ہے کہ لاہور چیمبر تاجر برادری کے ساتھ کھڑا ہے اور اسے درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوششیں کررہا ہے، حکومت وفاقی بجٹ میں نئے ٹیکس لگانے سے گریز کرے اور ودہولڈنگ ٹیکس پر تاجروں کے تحفظات دور کرکے انہیں معاشی ترقی میں کردار ادا کرنے کا موقع مہیا کرے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار تاجر رہنما خالد پرویز کی سربراہی میں مختلف مارکیٹوں کے ایک اعلیٰ سطحیٰ وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر ناصر سعید اور سابق صدر محمد علی میاں نے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ وفد کے اراکین میں عبدالرزاق ببر، مجاہد مقصود بٹ، میاں وقار، بابر علی ، غلام سرور ملک ، شاہد بلال و دیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ معاشی ترقی میں سب سے اہم کردار تاجروں کا ہے لہذا ان کے ودہولڈنگ ٹیکس ،پیچیدہ ٹیکسیشن سسٹم ، ٹیکسوں کے دوہرے نظام، کاروباری معاملات میں سرکاری اداروں کی بے جا مداخلت اور ایف بی آر اہلکاروں کے صوابدیدی اختیارات کے غلط استعمال سمیت تمام مسائل فوراً حل کیے جائیں۔ شیخ محمدارشد نے کہا کہ معیشت کی حالت درست کرنے کے لیے اندرونی اور بیرونی قرضوں سے جان چھڑانا ہوگی کیونکہ وسائل کا ایک بڑا حصہ ان قرضوں کے سود کی ادائیگی پر خرچ ہوجاتا ہے۔

وفاقی بجٹ میں حکومت ایسے اقدامات سے بالکل گریز کرے جن سے تاجر برادری اور معیشت کو نقصان ہو۔ انہوں نے التوا میں پڑے ریفنڈ کلیمز کی فوری ادائیگی اوراس سلسلے میں بینکنگ بانڈز کے اجراء،وفاقی و صوبائی ٹیکسوں میں ہم آہنگی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس آڈٹ کے لیے کیسوں کے چناؤ کے لیے متعلقہ کمشنرز صوابدیدی اختیارات استعمال کرنے کے بجائے ایف بی آر قرعہ اندازی کرے۔

انہوں نے وفاقی و صوبائی سیلز ٹیکس حکام پر زور دیا کہ وہ بااختیار نیشنل ٹیکس کمیشن کے قیام پر اتفاق کریں تاکہ سروسز سے متعلق سیلز ٹیکس قوانین میں ہم آہنگی لائی جاسکے۔ انہوں نے ٹیکس دہندگان کے اعتماد کی بحالی کے لیے ایک موثر ٹیکس عدالت کے قیام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے حکومت پر مزید زور دیا کہ تمام انڈسٹریل خام مال کی درآمد پر ڈیوٹی زیرو فیصد کرے۔

خالد پرویز نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ودہولڈنگ ٹیکس کا خاتمہ کرے کیونکہ اس وجہ سے صرف تاجر ہی بددل نہیں ہوئے بلکہ بینکنگ سیکٹر کو بھی بھاری نقصان ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں نئے ٹیکسوں کا بوجھ نہ ڈالا جائے اور توانائی بحران جلد حل کیا جائے جس کی وجہ سے ٹریڈ اینڈ انڈسٹری متاثر ہورہی ہے۔ عبدالرزاق ببر ، مجاہد مقصود بٹ اور شاہد بلال نے ودہولڈنگ ٹیکس کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔

سابق صدر محمد علی میاں نے کاروباری معاملات پر تاجروں کے اصولی موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ لاہور چیمبر تاجر برادری کی تجاویز انتہائی موثر طریقے سے پالیسی سازوں تک پہنچا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور معاشی ترقی میں ان کا کردار بہت اہم ہے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر ناصر سعید وفد کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے اختتامی کلمات کہے۔

متعلقہ عنوان :