پورے ملک میں ایک ہی دن روزہ اور عید کرنے کیلئے خیبرپختونخوا کے وزیر اوقاف سے رابطہ کیا ہے، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف

منگل 24 مئی 2016 17:24

اسلام آباد ۔ 24 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ پورے ملک میں ایک ہی دن روزہ اور عید کرنے کیلئے خیبرپختونخوا کے وزیر اوقاف سے رابطہ کیا ہے، اس سلسلہ میں آئندہ ہفتے خیبرپختونخوا کے علماء سے اعلیٰ سطحی اجلاس میں بات ہو گی۔ منگل کو وزارت مذہبی امور میں حج 2015ء کے موقع پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ٹور آپریٹرز اور دیگر عملہ میں تعریفی اسناد اور سرٹیفکیٹس کی تقسیم کی تقریب کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ پورے ملک میں ایک ہی دن روزہ اور عید منانے سے قومی وحدت اور یکجہتی کا پیغام ملے گا، اس سلسلہ میں انہوں نے صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیر اوقاف سے رابطہ کیا ہے، 31 مئی کو خیبرپختونخوا کے علماء سے اعلیٰ سطحی اجلاس میں اس معاملہ پر بات کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایرانی حجاج اگر سعودی عرب نہ جا سکے تو ان کا کوٹہ پاکستانی حجاج کیلئے حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی سفیر سے اس معاملہ پر ابتدائی بات چیت ہوئی ہے تاہم سعودی حکومت کی جانب سے اس حوالہ سے باضابطہ آگاہ کرنے کے بعد ہی معاملہ آگے بڑھ سکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سرکاری کوٹہ کم کرنے کے سپریم کورٹ کے حکم کے خلاف نظرثانی کی درخواست جلد دائر کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ رویت ہلال کمیٹی کی تشکیل نو کیلئے کام جاری ہے اور جلد اس حوالہ سے قانون سازی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :