علی نے ٹیچنگ ہسپتالوں اور سپیشلائزڈ طبی اداروں کے بورڈ آف مینجمنٹ کے لئے سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دے دی

کمیٹی بی او ایم کیلئے حکومت کو ممبران کے نام تجویز کرے گی‘کمیٹی بی اوایم کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کی ذمہ دار ہوگی، بورڈ کے لئے ٹارگٹ مقرر کرنے کا اختیار بھی ہوگا

منگل 24 مئی 2016 17:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 مئی۔2016ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے ٹرشری کیئر(ٹیچنگ ہسپتال) ہسپتالوں اور سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اور خودمختار طبی اداروں کے بورڈ زآف مینجمنٹ کی تشکیل نو کیلئے موزوں ممبران کے انتخاب، بورڈز کی مستقل بنیادوں پر مانیٹرنگ اور ان کے ٹارگٹ سیٹ کرنے کے لئے ایک سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو اس سلسلہ میں حکومت کو اپنی تجاویز و سفارشات پیش کر ے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلی پنجاب کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی کا پہلا اجلاس آج سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب نجم احمد شاہ کے آفس میں منعقد ہوا جس میں سیکرٹری سپیشلائز ڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ کے علاوہ سپیشل سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی، پروفیسر محمد سعید، عارف سعید، فیصل فرید، ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ (ٹیکنیکل) ڈاکٹر سلمان شاہد، ڈپٹی سیکرٹری (ایڈمن) راجہ منصور اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی- سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کا مقصد ٹیچنگ ہسپتالوں، سپیشلائزڈ انسٹی ٹیوشنز اور خود مختار طبی اداروں کے لئے متحرک اور موثر بورڈ آف مینجمنٹ تشکیل دینے کے لئے موزوں امیدواروں کے انتخاب میں سینئر اورغیر جانبدار افراد سے مشاورت کرنے، بورڈ آف مینجمنٹ کی کارکردگی کی مانیٹرنگ اوربورڈز کیلئے ٹارگٹ سیٹ کرنا اس کمیٹی کے ٹی او آرز میں شامل ہے-یہ کمیٹی بورڈ آف مینجمنٹ کی تشکیل، انکے اختیارات اور خود مختار طبی اداروں کو احسن طریقہ سے چلانے کے لئے اپنی سفارشات حکومت کو پیش کرے گی نجم احمد شاہ نے کہاکہ تمام کاوشوں کا مقصد میڈیکل ایجوکیشن کے اداروں اور ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے انتظامی اصلاحات متعارف کرانا ہے تاکہ نہ صرف ڈاکٹرز کے مسائل حل ہوں بلکہ مریضوں کوبھی بہتر سے بہتر طبی سہولیات میسر آسکیں-کمیٹی جن خود مختار طبی اداروں میں بورڈ آف مینجمنٹ کی مدت ختم ہو چکی ہے ان کی جگہ نئے BOM تشکیل دینے کے لئے جلد اپنی سفارشات پیش کرے گی اور کمیٹی کو بی اوایم کے ٹی اوآرز طے کرنے ، ترمیم کرنے اور ہدف طے کرنے کا بھی اختیار ہوگا-

متعلقہ عنوان :