آئی سی سی کو سپنرز کو رعایات دینا ہوں گی : سعید اجمل

منگل 24 مئی 2016 16:50

آئی سی سی کو سپنرز کو رعایات دینا ہوں گی : سعید اجمل

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار24مئی ۔2016ء )پاکستانی آف سپنر سعید اجمل نے آئی سی سی سے دنیا بھر کے سپنرز کو رعایت دینے کا مطالبہ کر دیا ہے، آف سپنر کے مطابق بیٹسمینوں کیلئے ڈیزائن شدہ کھیل میں اگر جلد قوانین میں مناسب تبدیلی نہ ہوئی تو سپن باوٴلنگ کا فن اپنی موت آپ مر جائیگا۔

(جاری ہے)

ایک ویب سائٹ سے بات چیت کے دوران38سالہ پاکستانی آف سپنر کا کہنا تھا کہ کرکٹ کا کھیل صرف بیٹسمینوں کیلئے ڈیزائن کیا ہوا محسوس ہوتا ہے اور اسکے قوانین بھی کچھ اس انداز سے بنائے جا رہے ہیں کہ باوٴلرز کیلئے مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں ، اگر جلد قوانین میں مناسب تبدیلیاں نہ کی گئیں تو سپن باوٴلنگ کا آرٹ اپنی موت آپ مر جائے گا۔

سعید اجمل کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں سپن باوٴلرز کو قوانین کے حوالے سے رعایت دینی چاہئے تاکہ بیٹسمینوں اور باوٴلرز کے درمیان مقابلے کی فضابرقرار رہ سکے، ماڈرن کرکٹ دیکھ کر اس بات کا احساس ہوتا ہے کہ یہ محض بیٹسمینوں کیلئے ڈیزائن کی گئی ہے ، ایک جانب سپنرز اپنے باوٴلنگ ایکشن کے باعث سزا کے مستحق سمجھے جا رہے ہیں تو دوسری جانب کرکٹ بیٹ کے سائز پر کوئی نگاہ نہیں ڈال رہا جو کسی درخت کے تنے سے مماثل ہیں جبکہ پاور پلے اور مخصوص فیلڈ سیٹنگ نے مشکلات کو مزید بڑھا دیا ہے۔