پشاور میں دیوار مہربانی کے بعد مہربان فریج متعارف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 24 مئی 2016 16:48

پشاور میں دیوار مہربانی کے بعد مہربان فریج متعارف

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24مئی2016ء) : پشاور میں دیوار مہربانی کے بعد اب مہربان فریج متعارف کروا دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر گرمی کی شدت میں بڑھتے اضافے اور اس اضافے کے باوجود رتی برابر سائے کے بغیر کام کرنے والے ڈیلی ویجز مزدوروں کے پیش نظر مہربان فریج متعارف کروائی گئی ہے جس میں مزدوروں کے لیے ٹھنڈے پانی سمیت مشروبات اور پھل وغیرہ رکھے گئے ہیں۔

یہ فریج پشاور کی شاہراہ عام یونیورسٹی روڈ پر رکھی گئی ہے جسے مختلف یونیورسٹی کے طلبا کی مدد سے یہاں رکھا گیا ہے۔ پشاور کی یہ مہربان فریج کراچی میں فکس اٹ مہم کے بانی عالمگیر خان کی مہم سے متاثر ہو کر رکھی گئی ہے۔ عالمگیر خان نے بھی گرمی کی شدت کے پیش نظر کراچی کے مختلف علاقوں میں فریج رکھوانا شروع کر دی ہیں جس میں ٹھنڈے پانی سمیت جوسز بھی دستیاب ہیں اور کوئی بھی مستحق شخص اس فریج سے اپنی مطلوبہ چیز اٹھا کر استعمال کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس مہم کے لیے بنائی گئی ٹیم کے سربراہ محسود نے بتایا کہ اس فریج کو 35 ہزار روپے کے عوض خریدا گیا ہے جس کے لیے تین افراد نے عطیہ دیا۔ جبکہ روزانہ کی بنیاد پر ٹیم ممبرز فریج کو بھرنے اور اس میں اسٹاک رکھنے کے لیے اہل علاقہ سے مدد مانگنے بھی جاتے ہیں۔یاد رہے کہ پشاور میں سب سے پہلے دیوار مہربانی متعارف کروائی گئی تھی جہاں مستحق افراد کے لیے کپڑے مہیا کیئے جاتے تھے جس کے بعد پشاور میں ایک باکس آف ہیپی نیس متعارف کروایا گیا جس میں بھوکے افراد کے لیے کھانا رکھا جاتا تھا اور اب مہربان فریج متعارف کروا دی گئی ہے جو اس گرمی کے موسم میں مزدوروں اور دیگر افراد کو ٹھنڈا پانی فراہم کرے گی۔

متعلقہ عنوان :