انسانی جانوں کے معاملے پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے،سپریم کورٹ

منگل 24 مئی 2016 16:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 مئی۔2016ء) سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ صحت کا تعلق براہ راست زندگی کے حق سے ہے۔ انسانی جانوں کے معاملے پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔ یہ ریمارکس جسٹس ثاقب نثار نے الراضی میڈیکل کالج سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران دیئے ۔ کیس کی سماعت منگل کے روز جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ مقدمہ کی سماعت شروع ہوئی تو پی ایم ڈی سی نے الراضی کالج سے متعلق انسپکشن رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جس پر الراضی میڈیکل کالج کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹ کالج کے حق میں ہے۔

اس پر جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ عدالت رپورٹ کا جائزہ لے گی۔ رپورٹ معیار پر پورا نہ اتری تو مسترد کر دیں گے۔ صحت اور تعلیم کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

نئے میڈیکل کالج کی رجسٹریشن کیسے ہوتی وہاں تعلیم کیسی دی جاتی ہے ، ڈاکٹرز کی تربیت کے لئے کیا انتظامیہ ہے یہ سب دیکھنا ہو گا۔ علم میں آیا ہے کہ دو کمروں کے بھی میڈیکل کالج منظور ہوئے ہیں۔

کاغذوں میں ہسپتال اور سہولیات دکھا دی جاتی ہیں لیکن حقیقت میں ایسا کچھ بھی نہیں ہوتا۔ اس پر طلبہ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ الراضی میڈیکل کالج کے طلبہ کے مستقبل کا مسئلہ ہے جس پر جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ طلبہ سے مکمل ہمدردی ہے لیکن طلبہ کے مستقبل کے لئے لاکھوں لوگوں کی زندگیاں خطرے میں نہیں ڈال سکتے۔ صحت کا تعلق براہ راست زندگی کے حق سے ہے انسانی زندگی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔ وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت عظمیٰ نے کیس کی مزید سماعت بدھ تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :