بہاولنگر محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران نے جنرل ڈیوٹیوں کو ختم کرنے کے بعد ازسر نو احکامات جاری کروانے کے نام پر ریٹ مقرر کردئیے

Malik Usman ملک عثمان منگل 24 مئی 2016 16:30

بہاولنگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 مئی۔2016ء) بہاولنگر محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران نے جنرل ڈیوٹیوں کو ختم کرنے کے بعد ازسر نو احکامات جاری کروانے کے نام پر ریٹ مقرر کردئیے۔ٹی ایچ کیو ز25ہزار ،آر ایچ سیز میں 20ہزاراور بی ایچ یوز میں 15ہزار روپے کے عوض سٹاف نرسز اور ایل ایچ ویز کو جنرل ڈیوٹی پر تعینات کیا جارہا ہے ۔ڈونگہ بونگہ آر ایچ سی سے نادیہ ارشاد،تسلیم اور ساجدہ کی جنرل ڈیوٹی کے احکامات منسوخ کرنے کے بعد 48گھنٹوں بعد ایل ایچ او نادیہ ارشاد کے ملک پورہ بی ایچ یو سے آر ایچ سی ڈونگہ بونگہ جنرل ڈیوٹی کے احکامات جاری کردئیے ۔

تفصیل کے مطابق بہاولنگر کے سرکاری ہسپتالوں میں جنرل ڈیوٹیوں کے نام پر من پسند آسامیوں پر ٹیکنیکل سٹاف کی تقرریاں معمول بن چکی ہے جس کی وجہ سے سٹاف کی کمی کے باعث بہت مسائل سامنے آرہے ہیں ۔

(جاری ہے)

حالیہ تعینات ہونے والے ای ڈی او صحت ڈاکٹر عبدالرزاق نے گزشتہ روز احکامات جاری کرتے ہوئے بالخصوص سٹاف نرسز اور لیڈی ہیلتھ وزیٹرز کی جنرل ڈیوٹیوں کو منسوخ کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔

مذکورہ دفتر میں مضبوط کرپٹ مافیا نے دوسری جانب رشوت کے ریٹ مقرر کرکے ازسر نو جنرل ڈیوٹیوں کے احکامات جاری کروانے شروع کردئیے ہیں ۔ڈی ایچ او ڈاکٹر صغیر گجر،ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر راؤ خالد اور ای ڈی او صحت دفتر میں تعینات اسٹیبلشمنٹ برانچ انچارج جاوید بھٹی کے گٹھ جوڑ کے باعث ای ڈی او صحت کے منسوخ کرنے کے احکامات پر مال بٹورا جارہا ہے ۔

اس ضمن میں ڈونگہ بونگہ آر ایچ سی سے نادیہ ارشاد،تسلیم اور ساجدہ کی جنرل ڈیوٹی کے احکامات منسوخ کرنے کے بعد 48گھنٹوں بعد ایل ایچ او نادیہ ارشادکے ایک بار پھر مذکورہ کرپٹ مافیا نے ہزاروں روپے رشوت کے عوض جنرل ڈیوٹی کے ازسر نو احکامات جاری کردئیے ۔اس حوالے سے جب موقف لینے کے لئے ڈی ایچ او ڈاکٹر صغیر احمد گجر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس معاملہ پر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جواب دیا کہ انتظامی معاملات ہیں جس کی وجہ سے دوبارہ احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :