پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے ٹی او آرز بنانیوالی پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری ، اجلاس کل ہوگا

منگل 24 مئی 2016 16:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 مئی۔2016ء) سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی منظوری کے بعد پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے ٹی او آرز بنانے کیلئے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، پارلیمانی کمیٹی میں 6حکومت اور 6اپوزیشن کے ارکان پارلیمنٹ کو شامل کیا گیا ہے،پارلیمانی کمیٹی پاناما پیپرز، آف شور کمپنیوں، کرپشن کے پیسوں کی بیرون ملک منتقلی ،قرضوں کی معافی اور کک بیکس کی تحقیقات کے لئے ٹی او آرز اور تحقیقات کا ٹائم فریم دے گی ، کمیٹی تمام معاملات کی تحقیقات کیلئے فورم کا بھی تعین کر کے 2ہفتوں میں اپنی رپورٹ پیش کر ے گی ،پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس کلبدھ کو سہ پہر 4بجے طلب کر لیا گیا ہے جس میں کمیٹی کے چیئر مین کا انتخاب کیاجائے گا۔

تفصیلات کے مطابق سپیکر ایاز صادق کی منظوری کے بعدقومی اسمبلی سکر ٹریٹ نے12 رکنی پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا،نو ٹیفیکیشن کے مطابق کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کے 6،6 ارکان شامل ہوں گے ۔

(جاری ہے)

نو ٹیفیکیشن کے مطابق حکومت کی جانب سے وزیر خزانہ سینیٹراسحق ڈار،وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ،وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ،وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان شامل ہیں ،کمیٹی میں حکومت کی اتحادی جماعتوں میں سے وزیر ہاؤسنگ اکرم خان درانی اور وزیر پورٹس اینڈ شپنگ سینیٹر میر حاصل بزنجو کمیٹی میں شامل ہیں ۔

نو ٹیفیکیشن کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی میں سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سینیٹر اعتزازاحسن، تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر شاہ محمودقریشی، جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ ، ایم کیو ایم کے سینیٹر بیرسٹر سیف، مسلم لیگ (ق) کے طارق بشیر چیمہ اور اے این پی کے الیاس بلور کمیٹی میں شامل ہیں۔نو ٹیفیکیشن کے مطابق پارلیمانی کمیٹی پاناما پیپرز، آف شور کمپنیوں، کرپشن کے پیسوں کی بیرون ملک منتقلی ،قرضوں کی معافی اور کک بیکس کی تحقیقات کے لئے ٹی او آرز اور تحقیقات کا ٹائم فریم دے گی ، کمیٹی تمام معاملات کی تحقیقات کیلئے فورم کا بھی تعین کر کے 2ہفتوں میں اپنی رپورٹ پیش کر ے گی ،پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس (آج)بدھ کو سہ پہر 4بجے طلب کر لیا گیا ہے جس میں چیئر مین کا انتخاب اور کمیٹی کے قواعد و ضوابط طے کئے جائیں گئے ۔

ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو پارلیمانی کمیٹی کا متفقہ طور پر چیئر مین منتخب کیا جائے گا،اور کمیٹی کے پہلے اجلاس میں پیپلز پارٹی اسحاق ڈار کا نام بطور کمیٹی چیئر مین دے گی ۔وا ضح رہے کہ اس سے قبل اسحاق ڈار پارلیمانی کمیٹی برائے الیکٹرورل ریفارمز کے چیئر مین بھی رہے ہیں اور اس کمیٹی نے باہمی مشاورت سے الیکشن کمیشن کے ارکان کی تعیناتی اور مدت ملازمت کے حوالے سے متفقہ طور پر 22ویں آئینی ترمیم کروائی ۔

متعلقہ عنوان :