جاپانی کارساز کمپنی ”ٹویوٹا“ کا امریکا سے مزید 16 لاکھ گاڑیاں واپس منگوانے کا اعلان

منگل 24 مئی 2016 15:31

جاپانی کارساز کمپنی ”ٹویوٹا“ کا امریکا سے مزید 16 لاکھ گاڑیاں واپس ..

لاس اینجلس ۔ 24 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 مئی۔2016ء) جاپان کی کارساز کمپنی ”ٹویوٹا“ نے تاکاتا ائیر بیگز کی فنی خرابی کے باعث امریکا سے مزید 16 لاکھ کے قریب گاڑیاں واپس منگوانے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹویوٹا نے اپنے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ تاکاتا کے تیار کردہ فرنٹ پسنجر ائیر بیگز میں ممکنہ خرابی کو ٹھیک کرنے کیلئے امریکا سے مزید 16 لاکھ کے قریب گاڑیاں واپس منگوائی جائیں گی جبکہ یہ فیصلہ تاکاتا اور امریکی نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن کی حال ہی میں فراہم کردہ معلومات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

اس سے پہلے امریکی آٹو سیفٹی ریگولیٹرز نے مئی کے آغاز میں ائیربیگز تیار کرنے والی جاپانی کمپنی تاکاتا کو گاڑیوں میں نصب 3 کروڑ 50 لاکھ سے 4 کروڑ ائیر بیگز واپس منگوانے کا حکم دیا تھا جبکہ دنیا بھر سے 5 کروڑ یونٹس واپس منگوائے جا چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ٹویوٹا کے فیصلے سے کرولا، لیگسز اور شیون کی 2006ء سے 2011ء ماڈل کی گاڑیاں متاثر ہوں گی۔ بیان کے مطابق متاثرہ گاڑیوں کے ائیر بیگ انفلیٹرز یا ائیر بیگ اسمبلی تبدیل کی جائے گی۔