پاکستان میں امریکی ڈرون حملے کے بارے میں کھل کر بات کل پرسوں ہوگی‘ وزیر اطلاعات

منگل 24 مئی 2016 14:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے پاک چین اقتصادی راہداری کو امن اور ترقی کی شاہراہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری پر چلنے والے قافلے تجارت اور خوشحالی کے فروغ کے لئے سفر کریں گے‘ اقتصادی راہداری سے خطے کے اربوں لوگوں میں باہمی روابط بڑھیں گے‘ پاکستان کی قیادت نے آنے والی نسلوں کو غربت اور جہالت سے پاک ملک دینے کا عزم کیا ہوا ہے۔

وہ منگل کو یہاں پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 65 ویں سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ کی تعمیر اور علاقائی روابط کا فروغ پاکستان اور چین کی مشترکہ کاوش اور خواہش ہے۔ پاکستان اور چین کی قیادت نے اقتصادی راہداری کا سفر شروع کیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان اور چین کی دوستی کا فائدہ پورے خطے کو ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نے مل کر پوری دنیا میں امن کے لئے کردار ادا کیا ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری امن اور ترقی کی شاہراہ ہوگی۔ اقتصادی راہداری پر چلنے والے قافلے تجارت اور خوشحالی کے فروغ کے لئے سفر کریں گے۔ اقتصادی راہداری سے روزگار کے بھی وسیع مواقع میسر ہونگے۔ اقتصادی راہداری پاکستان اور چین کی مشترکہ کاوش ہے اس سے فاصلے کم اور دلوں کے رشتے مضبوط ہونگے۔

اقتصادی راہداری سے خطے کے اربوں لوگوں میں روابط بڑھیں گے اور جنوبی و وسط ایشیاء کے لوگ اس سے مستفید ہونگے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نے دوستی کی بہترین مثال قائم کی ہے موجودہ حکومت نے عزم کیا ہوا ہے کہ آنے والی نسلوں کو غربت اور جہالت سے پاک ملک بنائیں گے۔ دریں اثناء تقریب کے بعد اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ایسی ہے کہ اس میں کبھی گرم ہوا نہیں چلی حالانکہ دنیا میں جب دو ممالک آپس میں تعلقات قائم کرتے ہیں تو کسی نہ کسی ایشو میں ان پر دوریاں پیدا ہوجاتی ہیں‘ گلے شکوے کئے جاتے ہیں لیکن یہ واحد دوستی ہے جس میں کبھی گرم ہوا نہیں چلی۔

گہری ‘ مضبوط ‘ شہد اور ہمالیہ سے بھی اس دوستی کو تشبیہ دی جاتی ہے۔ 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کوئی چھوٹی بات نہیں ہے اور دونوں ممالک کی دوستی اس سرمایہ کاری سے اور مضبوط ہوگئی ہے۔ سی پیک سے ترقی صرف دونوں ممالک کی ہی نہیں خطے کی بھی ترقی ہوگی۔ چین کا سازو سامان اب گوادر پورٹ کے ذریعے سنٹرل ایشیاء اور یورپ تک آسانی سے پہنچے گا اس موقع پر جب اخبار نویسوں نے افغان طالبان رہنما ملا منصور کی بلوچستان میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت کے معاملے پر سوال کیا تو وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج پاکستان اور چین کی سفارتی تعلقات کی 65 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے لہذا اس موقع پر میٹھی میٹھی باتیں ہونی چاہئیں ان سوالوں کا جواب کل کا پرسوں کھل کر دیا جائے گا فی الحال میں پاک چین دوستی پر ہی اپنی بات کروں گا۔