آسٹریلین ٹی وی رپورٹر سے گفتگو مذاق تھی ، گیل نے فلنٹوف ،چیپل کو آڑے ہاتھوں لے لیا

منگل 24 مئی 2016 14:11

آسٹریلین ٹی وی رپورٹر سے گفتگو مذاق تھی ، گیل نے فلنٹوف ،چیپل کو آڑے ..

لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار24مئی ۔2016ء ) ویسٹ انڈین اوپننگ بیٹسمین کرس گیل نے آسٹریلین ٹی وی رپورٹر کے ساتھ بگ بیش ٹی ٹونٹی میں نازیبا گفتگو کو مذاق قراردیتے ہوئے اپنے ناقدین اینڈریو فلنٹوف اور این چیپل پر شدید تنقید کر ڈالی ۔ جمیکن بلے باز نے اپنی آپ بیتی میں لکھا کہ بگ بیش میں پیش آنے والا واقعہ محض دل لگی تھا، انہوں نے رپورٹر سے مذاق کیا اور پس منظر میں چینل ٹین کی ٹیم کے ہنسنے کی آواز سنی جا سکتی ہے لیکن انکے اوپر بیٹھے لوگوں نے اسے عالمی ایشو بنا ڈالا ۔

گیل نے خود پر تنقید کرنے والے سابق کینگرو اوپنر کرس روجرز کو جھوٹا قرار دینے کے ساتھ ساتھ یاد دلایا کہ ان دونوں نے بہت سی راتیں مختلف بارز میں گزاری رکھی ہیں ، انہوں نے اینڈریو فلنٹوف سے کہا کہ لگتا ہے کہ فلنٹوف وہ وقت بھول گئے ہیں جب وہ ان کی شارٹ گیندوں کو بائونڈری کی راہ دکھایا کرتا تھا ۔

(جاری ہے)

کرس گیل نے این چیپل سے کہا کہ آپ پر تو خود ویسٹ انڈیز میں ایک آفیشل کو مکا جڑنے پر کیس ہوا تھا ، اگر آپ مجھ پر پابندی لگانا چاہتے ہیں تو بہتر یہ ہوگا کہ آپ پوری کرکٹ پر ہی پابندی لگا دیں ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ 36 سالہ کرس گیل ان دنوں ایک نئے تنازع میں الجھ چکے ہیں ، ان پر برطانیہ کے ٹائمز میگزین کی صحافی شارلوٹ ایڈورڈز سے شرمناک گفتگو کرنے کا الزام عائد کیا جارہا ہے ۔