دہشت گردی عالمی مسئلہ ہے، نوجوان نسل میں اس حوالہ سے آگاہی کی اشد ضرورت ہے، ڈائریکٹر اورکڈاکٹر جہانگیر

منگل 24 مئی 2016 13:53

ہری پور۔ 24 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 مئی۔2016ء) سپارک سوسائٹی فار پیس یونیورسٹی آف ہری پور کے زیر اہتمام دہشت گردی کے عالمی دن کے موقع پر تقریری مقابلہ کا انعقاد کیا گیا۔ مقابلہ میں طلبہ نے مسلمان اور دہشت گردی کے عنوان پر تقاریر کیں۔ مقابلہ کا مقصد طلبہ میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کے حوالہ سے آگاہی پیدا کرنا تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر محمد جہانگیر نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے، ضروری ہے کہ نوجوان نسل کو اس حوالہ سے آگاہی فراہم کی جائے۔ مقابلہ میں آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کی سیدہ اقراء، انوائرمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے عدنان تاج اور مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے شہزاد اشرف نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی اور کامیاب طلباء میں اسناد، نقد انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر مقررین نے اس عالمی مسئلہ پر مختلف پروگرامات منعقد کر کے طلبہ میں شعور اجاگر کرنے پر سوسائٹی کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالمھیمن کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔