جام شورو میں انڈس ہائی وے پر مسافر بس الٹ گئی، 9افراد جاں بحق،37 زخمی

منگل 24 مئی 2016 11:42

جام شورو/حیدرآباد /کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 مئی۔2016ء) جام شورو میں انڈس ہائی وے پر مسافر بس الٹ گئی، حادثے میں 9افراد جاں بحق اور37 زخمی ہوگئے،زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا جن میں بعض کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ ہے ،بس شہداد کوٹ سے کراچی جارہی تھی،سیاسی وسماجی رہنماوٴں نے حادثے میں ہونیوالی ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ۔

منگل کو پولیس کے مطابق شہداد کوٹ سے کراچی جانے والی مسافر بس انڈس ہائی وے پر حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق جب کہ 37 زخمی ہو گئے۔ شہداد کوٹ سے کراچی جانے والی مسافر بس تیز رفتاری کے باعث انڈس ہائی وے پر سن کے مقام پر الٹ گئی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق جب کہ 37 زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے بس کو کاٹ کر لاشوں اور زخمیوں کو باہر نکالا، زخمیوں کو فوری طور پر تعلقہ اسپتال سن منتقل کیا تاہم متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انھیں سول ہسپتال جامشورو اور حیدر آباد منتقل کردیا گیا، طبی عملے کے مطابق متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ تعلقہ اسپتال سن میں زیر علاج زخمیوں کے مطابق بس کا ڈرائیور مبینہ طور پر نشے کی حالت میں تھا اور حادثے کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا۔

دوسری جانب پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔مسافربس شہداد کوٹ سے کراچی جارہی تھی۔ حادثے میں کراچی کے رہائشی چھ مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہوئے۔ان میں تین بچے بھی شامل ہیں جبکہ زخمی مسافروں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے سبب پیش آیا۔

متعلقہ عنوان :