نواز شریف‘ آصف زرداری کو صدر بنانے کیلئے لندن گئے ہیں‘ میاں محمود الر شیدکا دعویٰ

وزیراعظم اپنی دولت کو ملک میں نہ لانے کا فیصلہ کر چکے ہیں، اپوزیشن کو کمزور کرنے اور کالا دھن چھپانے کیلئے زرداری کو صدر بنانا چاہتے ہیں، وزیراعظم یہ داؤ بھی کھیل لیں لیکن انکا جانا ایک حقیقت بننے جا رہا ہے ‘کیا پاکستان صرف اقتدار کیلئے موزوں ہے، سرمایہ کاری کیلئے نہیں؟میڈیا سے گفتگو

پیر 23 مئی 2016 22:43

نواز شریف‘ آصف زرداری کو صدر بنانے کیلئے لندن گئے ہیں‘ میاں محمود ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 مئی۔2016ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے وزیراعظم نواز شریف کے دورہ لندن کے دوران آصف علی زرداری کو نیا صدر بنانے کے حوالے سے ملک بھر میں جاری چہ مگوئیوں پر کہا ہے کہ اب نواز شریف کا جانا ٹھہر چکا ہے ۔ پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ وزیراعظم اپنی دولت کو ملک میں نہ لانے کا فیصلہ کر چکے ہیں اور اپوزیشن کو کمزور کرنے اور اپنے کالا دھن کو چھپانے کیلئے وہ آصف زرداری کو صدر بنانا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یہ داؤ بھی کھیل لیں لیکن انکا جانا ایک حقیقت بننے جا رہا ہے، انکا کہنا تھا کہ صدر ممنون حسین کے پا نا مہ پر بیان اقتدار کے بد مست ہاتھی ان سے نا لاں ہے اور اب انہیں ہٹاکر نیا صدر لانا چا ہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ کرپشن کو فروع نواز شریف کے دور سے ملا، ناقص پالیسیوں اور وسائل کی بے رحمانہ لوٹ مار سے قوم کا بچہ بچہ مقروض کر دیا لیکن اب مزید لوٹ مار نہیں ہونے دیں گے قرضے معاف کرانے والے ہوں یا پا نا مہ زدہ حکمران سب کے احتساب کا وقت آگیا ہے، انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کو ملک پاکستان اور عوام اتنا ہی عزیز ہے تو اپنی دولت ملک واپس کیوں نہیں لاتا؟ کیوں آئی ایم ایف سے قرض لیکر بجلی مہنگی کی جا رہی ہے ؟اپنے پیسے کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے کیوں نہیں خرچ کیا جا سکتا ؟ کیا شریف خاندان کوملک صرف حکمرانی کیلئے موزرں لگتا ہے؟ صحافیوں سے بات چیت کے دوران قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے مزید کہا کہ آئندہ بجٹ عملی طور پر عوام دوست نہ ہوا تو اجلاس کا بائی کاٹ کرینگے، عوام کے پاس جائیں گے اوراحتجاجی تحریک چلائیں گے ۔