پی آئی اے کے 49فیصد شیئرز کی نجکاری اگلے ماہ سے شروع کی جائے گی،سرمایہ کار کی تلاش میں ہیں ،کوئی ائیر لائن بھی پی آئی اے کے شیئرز خرید سکتی ہے‘ پاکستان سٹیل کی نجکاری آئندہ ہفتوں میں دوبارہ شروع کی جائے گی

وفاقی وزیربرائے نجکاری محمد زبیرکاانٹرویو

پیر 23 مئی 2016 22:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 مئی۔2016ء) وفاقی وزیربرائے نجکاری محمد زبیر نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے 49فیصد شیئرز کی نجکاری اگلے ماہ سے شروع کی جائے گی ‘ سرمایہ کار کی تلاش میں ہیں ،کوئی ائیر لائن بھی پی آئی اے کے شیئرز خرید سکتی ہے ۔اپنے ایک انٹر ویو میں وفاقی وزیربرائے نجکاری محمد زبیر نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ نے اپریل میں پی آئی اے کو لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کرنے کا قانون پاس کیا جس کے تحت حکومت پی آئی اے کاانتظامی کنٹرول رکھنے کی پابند ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ قانون کی شق دو سال تک لاگو ہوگی جس کے بعدحکومت پی آئی اے کے مکمل شیئرز بیچ سکتی ہے ‘محمد زبیر نے کہا ک رواں سال بجلی بنانے والے اداروں کی نجکاری بھی شروع کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے شیئرز نومبر میں فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے جس کے بعد لاہور اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کا ر پوریشن کی باری آئے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے پاکستان سٹیل کی نجکاری آئندہ ہفتوں میں دوبارہ شروع کی جائے گی ۔