اختیارات کے ناجائز استعمال پر انچارج پولیس پوسٹ سب انسپکٹر معطل

سب انسپکٹر نے خانساما مسمی لعل جان کو گرفتار کرکے 10 روز تک اپنے زیر حراست حبس بے جا میں رکھا

پیر 23 مئی 2016 22:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 مئی۔2016ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان دُرانی نے اختیارات کے ناجائز استعمال اور شہری کو غیر قانونی طور پر حبس بے جا میں رکھنے پر انچارج پولیس پوسٹ سب انسپکٹر مثل خان کو فور ی طور پر معطل کرکے اُن خلاف مزید محکمانہ کاروائی شروع کرنے کا حکم صادر کیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پشاور کے ایک شہری نے آئی جی پی خیبر پختونخوا کو تحریری درخواست دی تھی کہ سب انسپکٹر مثل خان انچارج چوکی سرہ خاورہ متنی نے اُس کے خانساما مسمی لعل جان کو گرفتار کرکے 10 روز تک اپنے زیر حراست حبس بے جا میں رکھا۔

اور بعد ازاں اس کو رہا کرنے کے لیے ایک لاکھ روپے رشوت کا مطالبہ کیا۔ آئی جی پی نے جب درخواست میں لگائے الزمات کو متعلقہ پولیس افسروں کے ذریعے چیک کیا تو انہوں نے اپنی رپورٹ میں تمام الزامات کو حقیقت پر مبنی قرار دیا۔ آئی جی پی نے متعلقہ پولیس افسروں کی رپورٹ کی روشنی میں چوکی انچارج سرہ خاورہ سب انسپکٹر مثل خان کو فوری طور پر معطل کرکے ان کے خلاف مزید محکمانہ کاروائی کرنے کا حکم صادر کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :