قبائلی علاقوں کے تین ایجنسیوں کے بے گھر افراد کی گھروں میں واپسی مکمل ہو گئی،صدرممنون کی فاٹا کے مشیران سے گفتگو

پیر 23 مئی 2016 22:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 مئی۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں کے تین ایجنسیوں کے بے گھر افراد کی اپنے گھروں میں واپسی مکمل ہو چکی ہے جبکہ دیگر تین ایجنسیوں کے افراد کی واپسی جلد مکمل ہو جائے گی۔صدرمملکت نے یہ بات فاٹا کے مشیران سے ایوان صدر میں ملاقات کے دوران کہی۔اس موقع پر سینیٹرمشاہد اللہ خان اور ساتوں قبائلی ایجنسیوں سے تعلق رکھنے والے مشیران بھی موجود تھے۔

صدر مملکت نے کہا کہ بے گھر افراد کی دوبارہ آباد کاری کے لیے حکومت نے بھاری رقوم مختص کی ہے۔انھوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور فاٹا کی ساتوں ایجنسیوں میں حالات معمول پر آ رہے ہیں۔صدر مملکت نے فاٹا کے افراد کی بے لوث قربانیوں اور خدمات کو سراہا او ر کہاکہ فاٹا کی بہتری کے لیے حکومت کی اصلاحاتی کمیٹی ترجیہی بنیادوں پر اپنا کام کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

فاٹا میں اصلاحات کے بعد حالات مزیدبہترہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ فاٹا کے عوام کی رائے کے بغیر کوئی آئینی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔صدر مملکت نے کہاکہ حکومت دہشت گردی کے دوران تباہ ہونے والے انفراسٹریکچر کی بحالی میں کوئی کثر نہیں اٹھا رکھے گی۔ تعلیمی اداروں کی بحالی، سڑکوں کانظام اور ہسپتالوں کی تعمیر حکومت کی بنیادی ترجیحات ہیں۔

انھوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ فاٹا کے نوجوانوں میں بے انتہا صلاحیتیں موجود ہیں۔ قبائلی نوجوانوں کو زیورتعلیم سے آراستہ کر کے بڑے کارنامے انجام دئیے جا سکتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے مسائل کا حل ہماری ذمہ داری ہے لیکن وسائل کی کمی کی وجہ سے مشکلات پیش آ رہی ہیں، انھوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں بچیوں کی تعلیم پر بھر پورتوجہ دی جانی چاہیے تاکہ وہ بھی قبائلی علاقوں کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرسکیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت درست سمت میں کام کر رہی ہے، اس سے ملک کی معیشت میں بہتری آئی ہے۔

متعلقہ عنوان :