پیمرا نے ڈی ٹی ایچ کے لائسنسنگ اور بولی کے معاملے پر ذیلی کمیٹی تشکیل دیدی

سی سی ٹی وی نیوز، سی سی ٹی وی نائن ڈاکومنٹری کی ڈسٹریبیوشن رائٹس کے اجراء کی بھی منظوری،پاکستانی ناظرین کیبل اور ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کے ذریعہ چین کے سرکاری ٹی وی چینلزبا آسانی دیکھ سکیں گے،ترجمان

پیر 23 مئی 2016 22:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 مئی۔2016ء) پیمرا نے ڈی ٹی ایچ کے لائسنسنگ اور بولی کے معاملے پر ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دیدی ہے ذیلی کمیٹی ڈی ٹی ایچ پر مشتمل تمام دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد اتھارٹی کو سفارشات پیش کرے گی۔ پیمرا اتھارٹی کا 113 واں اجلاس چیئرمین پیمرا ابصار عالم کی زِیر صدارت ہوا۔ اجلاس کے بعد جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ پیمرا نے ڈی ٹی ایچ کے لائسنسنگ اور بولی کے معاملے پر ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دیدی ہے جو تمام دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد اتھارٹی کو سفارشات پیش کرے گی۔

ذیلی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں اتھارٹی آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی،اجلاس میں سی سی ٹی وی نیوز اور سی سی ٹی وی نائن ڈاکومنٹری کی ڈسٹریبیوشن رائٹس کے اجراء کی بھی منظوری دی۔

(جاری ہے)

پاکستانی ناظرین کیبل اور ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کے ذریعہ چین کے سرکاری ٹی وی چینلزبا آسانی دیکھ سکیں گے،بیان میں کہا گیا ہے کہ اتھارٹی نے یہ فیصلہ پاکستان اور چین کے ما بین برادرانہ تعلقات کو مزیدمستحکم کرنے کے لیے کیا۔

پیمرا اتھارٹی نے 8 یونیوسٹیوں کے ایف ایم لائسنسوں میں توسیع کی منظوری دیدی۔نان کمرشل ایف ایم ریڈیو اسٹیشن لائسنسوں کی مزید پانچ سال کے لیے تجدید کی منظوری دی گئی، توسیع پانے والی یونیورسٹیوں میں نمل یونیورسٹی، فاطمہ جناح وومین یونیورسٹی، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ،یونیورسٹی آف کراچی، لاہور کالج فار وومین یونیورسٹی، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور بھی شامل ہیں۔

بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان اور گومل یونیورسٹی ڈی آئی خان کی تجدید کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں اے آر وئی زندگی کی کیٹیگری کو کوکنگ سے انٹرٹینمنٹ میں تبدیل کرنے کی بھی منظوری اورنیو ٹی وی کو ایک لاکھ روپیہ جرمانہ اور معافی نشر نہ کرنے پر 26مئی 2016ء کہ شام 4 بجے معطل کرنے کے فیصلے کی توثیق کی گئی۔ ترجمان کے مطابق پیمرا اتھارٹی کا آئندہ اجلاس بدھ یکم جون 2016ء کو ہو گا۔

متعلقہ عنوان :