حافظ آباد ،پابندی کے باوجود پرائیویٹ سکولوں کا طلبہ و طالبات سے تین ماہ کی فیسیں وصول کرنے کا سلسلہ جاری

پیر 23 مئی 2016 21:53

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 مئی۔2016ء) حافظ آباد میں پرائیویٹ سکولوں کے مالکان نے پابندی کے باوجود ہزاروں طلبہ و طالبات سے تین ماہ کی فیسیں وصول کرنے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔ جس سے مذکورہ طلبہ و طالبات کے والدین میں غم وغصہ کی لہر سرایت کرگئی۔ والدین کا کہنا ہے کہ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران پرائیویٹ سکولوں کے مالکان کو فیسیں لینے سے منع کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

لیکن مالکان نے حکومتی احکامات کو ہوا میں اڑاتے ہوئے ضلع بھر میں بدستورفیسیں وصول کرنے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے اور دوسری جانب محکمہ تعلیم کی جانب سے موسم گرما کی تعطیلات کئے جانے کے باوجود پرائیویٹ سکولوں میں طلبہ کو چھٹیاں نہ کرکے حکومتی احکامات کا مذاق اڑایا جارہا ہے۔جس کا ضلعی انتظامیہ اور حکومتی ارباب اختیار کو فوری نوٹس لینا چاہئے۔ والدین نے ڈی۔سی۔او اور محکمہ تعلیم کے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا کہ حافظ آباد ضلع میں موسم گرما کی تعطیلات نہ کرنے والے اور تین ماہ کی فیسیں وصول کرنے والے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لاکر انہیں سیل کیا جائے اور جن طلبہ و طالبات سے تین ماہ کی فیسیں وصول کی گئی ہیں وہ انہیں واپس دلائی جائیں۔