پاکستان اسٹیل کے ہزاروں ملازمین کے روز گار کا تحفظ کیا جائے اور انہیں تنخواہیں جاری کی جائیں ، نسیم حیدر

مقتدر حلقے ملکی صنعت کے واحد فولاد ساز ادارے پاکستان اسٹیل کی بحالی کے لئے اپنا کردار ادا کریں ، پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 23 مئی 2016 21:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 مئی۔2016ء) پاکستان اسٹیل کے ہزاروں ملازمین کے روز گار کا تحفظ کیا جائے اور انہیں تنخواہیں جاری کی جائیں ۔مقتدر حلقے ملکی صنعت کے واحد فولاد ساز ادارے پاکستان اسٹیل کی بحالی کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔یہ بات جسٹس ہیلپ لائن کے صدرندیم اے شیخ اور ایمپلائز یونین آف پاکستان کے جنرل سیکریٹری نسیم حیدر نے پیر کوکراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

ندیم اے شیخ اور نسیم حیدر نے کہا کہ گیس کی بندش کے سبب پاکستان اسٹیل میں پیداواری سر گرمیاں مکمل طور پر بند ہیں ماضی کی حکومتوں اور موجودہ حکومت پاکستان اسٹیل پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے اس لئے مقتدر قوتیں ملکی صنعت کے واحد فولاد ساز ادارے پاکستان اسٹیل مل کی بحالی کیلئے اپنا کردار اداکریں۔

(جاری ہے)

جس سے ہزاروں گھرانوں کا روز گار وابستہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پاکستان اسٹیل کیلئے کچھ نہیں کیا اورہزاروں ملازمین کا روزگار متاثر ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملازمین کو فوری طور پر روکی گئی تنخواہیں ادا کی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی کسی بھی حکومت نے پاکستان اسٹیل پر توجہ نہیں دی جس کے سبب یہ ادارہ تباہی وبربادی کا شکار ہوچکا ہے ۔ہم نے سپریم کورٹ میں پاکستان اسٹیل مل کی بحالی کے لئے آئینی درخواست دائر کی ہے جس میں اسٹیل مل کی بحالی اور ہزاروں ملازمین کے روزگار کے تحفظ کے لئے ریاست پاکستان کو ہدایت جاری کرنے کی استدعا کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل میں ہونے والی کرپشن پر سپریم کورٹ نے از خود نوٹس لیا اور تین ماہ کے اندر پورٹ جمع کرانے حکم نامہ جاری کیا لیکن نیب نے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد نہیں کیا،جس کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے جس کے لئے وکلاء کی ٹیم بھی اسلام آباد جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :