اسسٹنٹ کمشنر قصور نے مالی بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر ارشد جمال پٹواری کو نوکری سے برخاست کر دیا

128کنال اراضی کی غیر قانونی منتقلی میں ملوث محکمہ مال کے 3 ملازمین کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی کاآغاز

پیر 23 مئی 2016 19:26

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 مئی۔2016ء )اسسٹنٹ کمشنر قصور محمد شاہ رخ نیازی نے مالی بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر ایک پٹواری کو نوکری سے برخاست جبکہ محکمہ مال کے تین ملازمین کیخلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر قصور محمد شاہ رخ نیازی نے بتایا کہ محکمہ مال کے اہلکاروں کے خلاف مالی بدعنوانی کی شکایات موصول ہوئی تھیں جس پر انہوں نے انکوائری کر کے ارشد جمال پٹواری کو ملازمت سے برخاست کر دیا ہے اور انکی درخواست پر کمشنر لاہورڈویژن نے سجاد پٹواری کیخلاف انکوائری کا حکم دیدیا ہے جس کیلئے اے سی ماڈل ٹاؤن لاہور کو انکوائری افسر مقرر کیا گیا ہے ۔

اسسٹنٹ کمشنر قصور نے مزید بتایا کہ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے قصور بیرون میں واقعہ 128کنال اراضی کی غیر قانونی منتقلی میں ملوث محکمہ مال کے ملازمین کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی کا حکم دیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ قصور شہر میں مال منڈی کی تعمیر کیلئے 128کنال اراضی مختص کی گئی تھی مگر محکمہ مال کے اہلکاروں راؤف تحصیلدار ، یاسین گرداور اور سجاد پٹواری نے ساز باز کر کے مال منڈی کیلئے مختص سرکاری زمین ناجائز قابضین کو منتقل کر دی ۔انہوں نے مزید بتایا کہ سجاد پٹواری کیخلاف مالی بدعنوانی اور دیگر الزامات کے تحت پانچ ایف آئی آرز درج ہیں اسی طرح اسکے خلاف 14مختلف الزامات کے تحت انکوائری چل رہی ہے ۔