سکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم کا ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ ، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈائریکٹر انسداد دہشتگردی ونگ سے ملاقاتیں،عمران فاروق قتل کیس میں اہم معلومات کی فراہمی ، ضرورت پڑنے پر گرفتار ملزموں تک دوبارہ رسائی کی یقین دہانی

برطانیہ ڈاکٹرعمران فاروق اور منی لانڈرنگ کیس میں برابری کا تعاون کرے،وزیر داخلہ کی برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات میں گفتگو

پیر 23 مئی 2016 19:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 مئی۔2016ء ) ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل اور منی لانڈرنگ کیس میں برطانوی پولیس سکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم کا ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ ، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈائریکٹر کاونٹر ٹیرر ازم ونگ سے ملاقاتیں کیں جبکہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات میں کہاہے کہ برطانیہ ڈاکٹرعمران فاروق اور منی لانڈرنگ کیس میں برابری کا تعاون کرے۔

سکارٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم نے ڈی جی ایف آئی اے محمد املیش اور ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے سربراہ ڈائریکٹر ایف آئی اے مظہر کاکا خیل سے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر ایف آئی اے نے عمران فاروق قتل کیس میں برطانیہ کو سرکار اہم معلومات فراہم کی ہیں جبکہ ضرورت پڑنے پر گرفتار ملزموں معظم علی ، محسن علی اور خالد شمیم تک ایک بار پھر رسائی دینے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے ، سکارٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم سے ایم کیو ایم کی قیادت کے خلاف منی لانڈرنگ کیس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ، ایف کی طرف سے دونوں کیسوں میں برطانیہ کے ساتھ مکمل تعاون کے عزم کا اعا دہ کیا گیا ، ذرائع کے مطابق سکارٹ لینڈ یارڈ نے بھی ایف آئی اے کو منی لاندڑنگ اور عمران فاروق قتل کیس میں تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے،دوسری طرف وزیر اعظم ہاوس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے برطانوی ہائی کمشنر تھامس اینڈریو نے ملاقات کی ہے ، وزیر داخلہ چوہدری نثار نے برطانوی ہائی کمشنر پر واضح کیا ہے کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ دہشت گردی اور منظم جرائم کے خاتمے سمیت عمران فاروق اور منی لانڈرنگ کیس میں مکمل تعاون کر رہا ہے لیکن برطانیہ کی طرف سے پاکستان کو درکار تعاون میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ، وزیر داخلہ نے اس توقع کا اظہار کیا کہ برطانیہ بھی برابری کی سطح پر تعاون کرے گا تاکہ عمران فاروق اور منی لانڈرنگ کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :