قبرستانوں میں روشنی کے انتظام کیلئے مستقل بنیادوں پر بجلی کے کھمبے نصب کئے جائیں،ایڈمنسٹریٹر کراچی

پیر 23 مئی 2016 17:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 مئی۔2016ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے میونسپل اور ٹیکنیکل سروسز کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ قبرستانوں میں روشنی کے انتظام کیلئے مستقل بنیادوں پر بجلی کے کھمبے نصب کئے جائیں اور شہریوں کی سہولت کیلئے مناسب فاصلے پر راہداریاں بنا کر انہیں پختہ کیا جائے، جہاں گنجائش ہو کنکریٹ سڑکیں تعمیر کی جائیں تاکہ مختلف مواقع پر اپنے عزیز و اقارب کی قبروں پر فاتحہ خوانی کیلئے آنے والوں کو دشواری نہ ہو، انہو ں نے سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم اور ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز نیاز احمد سومرو کو ہدایت کی کہ اس حوالے سے ایک جامع اور تفصیلی رپورٹ تیار کی جائے جس میں قبرستانوں کو اپ گریڈ کرنے سے متعلق ہر قسم کی معلومات شامل ہوں، گزشتہ روز رات گئے قبرستانوں کے دورے کے دوران ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے وہاں بلدیاتی اداروں کی جانب سے شہریوں کی سہولت کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا اور اپنے عزیز و اقارب کی قبروں پر آئے ہوئے شہریوں سے ملاقات کی اور انتظامات کے متعلق ان کے تاثرات معلوم کئے، ایڈمنسٹریٹر کراچی طارق روڈ قبرستان، عیسیٰ نگری قبرستان، ماڈل کالونی قبرستان اور پاپوش نگر کے قبرستان گئے اور وہاں بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ضلعی بلدیات کی جانب سے کئے گئے روشنی، صفائی، پانی کی فراہمی کے انتظامات کا جائزہ لیا، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے پرانی سبزی منڈی کے قریب فیضان مدینہ کے اجتماع میں بھی شرکت کی، جہاں منتظمین نے انہیں اجتماع کے انتظامات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ فیضان مدینہ ایک روحانی مرکز ہے جہاں نوجوانوں کو اسلامی تعلیمات اور زندگی کو دین کے متعین کردہ اصولوں کے تحت گذارنے کی تعلیم دی جاتی ہے انہوں نے بتایا کہ کراچی میں ہونے والا یہ ایک بڑا جتماع ہے اور بیک وقت 23 مقامات پر یہ اجتماعات جاری ہیں جس میں ہزاروں افراد شریک ہیں ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اس موقع پر فیضان مدینہ کے منتظمین کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کی طرف سے ہر ممکن بہتر بلدیاتی خدمات کی فراہمی کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے بہتر سے بہتر اقدامات کئے جارہے ہیں انہو ں نے کہا کہ سرجانی ٹاؤن سیکٹر 16-A میں 12 ایکڑ رقبہ قبرستان کیلئے مختص کردیا گیا ہے جہاں دس ہزار قبروں کی گنجائش ہے چار دیواری کی تعمیر اور پانی و بجلی کا انتظام کرنے کے بعد اس قبرستان میں تدفین کا عمل شروع کردیا جائے گا جبکہ لنک روڈ پر 35 ایکڑ قطعہ اراضی کی نشاندہی بھی کرلی گئی ہے اور اس زمین کے حصول کے لئے بورڈ آف ریونیو کو خط لکھا جارہا ہے ان دونوں قبرستانوں میں شہریوں کیلئے تمام تر سہولیات دستیاب ہونگی ہر قبر کو نمبر الاٹ کیا جائے گا تمام ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن ہوگی انہوں نے کہا کہ محکمہ میونسپل سروسز میں قبرستانوں سے متعلق ایک علیحدہ شعبہ بنایا جائے گا جو بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام تمام قبرستانوں کے معاملات دیکھے گا اور ہر قبرستان کے لئے ضروری عملے کی تعیناتی بھی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :