چین میں شدید بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی

پیر 23 مئی 2016 16:19

بیجنگ ۔ 23 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 مئی۔2016ء) چین میں شدید بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے جبکہ ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔ چین کے خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ میں دس گھنٹے تک جاری رہنے والی بارش نے ہر طرف پانی پانی کر دیا جس کے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئے ۔

(جاری ہے)

شینی شہر کی سڑکیں اور گلیاں دریا کا منظر پیش کر نے لگیں اور سیلابی پانی گھروں میں داخل ہونے سے شہریوں کو دشواری کا سامنا کرنے پڑا۔ سیلاب کے نتیجہ میں ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے جبکہ 5 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ حکام کے مطابق سیلاب کے باعث 5 لاکھ 57 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام کے مطابق سیلاب سے معیشت کو ایک ارب ین سے زائد سے نقصان پہنچا ہے۔