ملا اختر منصور کی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوئی، وزیراعظم

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 22 مئی 2016 22:33

ملا اختر منصور کی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوئی، وزیراعظم

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22مئی۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف ملا اختر منصور پر کیے جانے والے ڈرون حملے کے حوالے سے کہا ہے کہ اس میں افغان طالبان کے رہنما کی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوئی۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ امریکا نے ڈرون حملے سے متعلق آگاہ کیا تھا، جان کیری کا کل رات ساڑھے 10 بجے ٹیلی فون آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ نے ملا منصور کے بارے میں اطلاع ڈرون حملے کے بعد دی تھی۔

وزیراعظم نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے ولی محمد نامی شخص کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ ملا ہے جو قلعہ عبداللہ کا رہائشی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ڈرون حملے پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کی خلاف ورزی ہیں۔ پاناما لیکس سے متعلق ایک صحافی کے سوال کے جواب میں نواز شریف نے کہا کہ عمران خان نے جو شور مچایاہے اس سے ان کا بھی کچھا چٹھا کھل کر سامنے آگیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا 'انسان کو کسی دوسرے پر الزام لگانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانک لینا چاہیے۔' انہوں نے بتایا کہ ان کا برطانیہ آنے کا مقصد طبی معائنہ ہے اور جیسے ہی وہ ختم ہوجائے گا وہ وطن واپس لوٹ جائیں گے۔ نواز شریف نے کہا کہ وہ اپنے اثاثوں کے بارے میں معلومات قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران بیان کرچکے ہیں، کون سی جائیداد خریدی یا فروخت کی وہ بھی بتا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاناما پیپرز کے حوالے سے بننے والے کمیشن کے ساتھ وہ مکمل تعاون کریں گے۔ نواز شریف نے کہا کہ قرضے وہ معاف کرواتا ہے جو دیوالیہ ہوچکا ہوتا ہے تاہم یہاں سیاسی طور پر قرضے معاف کروائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے قرضے معاف کروائے وہ اس وقت بھی صنعتوں کے مالک تھے، آج وہ دس گنا زیادہ صنعتوں کے مالک ہیں۔

متعلقہ عنوان :