پانامہ لیکس پرپارلیمانی کمیٹی کا قیام قوم کو بیوقوف بنانے کی کوشش ہے‘چےئرمین سنی اتحاد کونسل

کڑا اور کھرا احتساب ناگزیر ہو چکا ہے،امریکی ایوانِ نمائندگان کا پاکستان مخالف رویہ قابل مذمت ہے‘صاحبزاد ہ حامد رضا

اتوار 22 مئی 2016 18:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 مئی۔2016ء ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس پرپارلیمانی کمیٹی کا قیام قوم کو بیوقوف بنانے کی کوشش ہے،کڑا اور کھرا احتساب ناگزیر ہو چکا ہے،امریکی ایوانِ نمائندگان کا پاکستان مخالف رویہ قابل مذمت ہے،ٹیکس چوروں اور قرضہ خوروں کا بھی کڑا احتساب ہو نا چاہیئے،قیام پاکستان سے لیکر آج تک حقیقی احتساب نہیں ہوا جس کی وجہ سے سیاست کرپشن زدہ ہو گئی ہے اور سرکاری محکمے کرپشن کے گڑھ بن چکے ہیں، امریکہ پاکستان کا دوست نما دشمن ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ رضویہ میں تنظیم المساجد پاکستان کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ موجودہ نظام کرپٹ افراد کو تحفظ فراہم کر تا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت امریکہ کی غیر حقیقت پسندانہ شرائط کو تسلیم نہ کرنے کا واضح انکار کرے۔امریکہ نے بھارت کو گود میں بٹھا رکھا ہے اور مسلسل پاکستان دشمنی کا مظاہرہ کررہا ہے۔

موجودہ حکومت ہرمحاذ پر ناکام ہو چکی ہے۔پچھلے 9برس میں 60برسوں کے برابر غیر ملکی قرضہ حاصل کیا گیا ہے ۔ حکومت نے قوم کا مستقبل عالمی مالیاتی اداروں کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ بھارت کا میزائل پروگرام خطے کے امن کیلئے خطر ہ ہے۔ضرب احتساب شروع نہ ہوئی تو ملک آگے نہیں بڑھ سکے گا۔ نظام اور امام بدلنے کی ضرورت ہے۔سیاستی جماعتیں اقتدار کی بجائے ملک کی بقاء کو اپنی ترجیح بنائیں۔ پانامہ احتساب میں تاخیر کے نتائج خطرناک ہو نگے۔حکومت را کے ایجنٹ کی پاکستان سے گرفتاری پر عالمی برادری کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔