نام نہاد قیادت کی غلط پالیسیو ں کے باعث ملکی سیاست میں پی پی کا کردار نہ ہونے کے برابر رہ گیا ‘ ناہید خان

اب وقت آ گیا ہے کارکن خاموشی توڑ دیں اورعملی طور پر باہر نکل کر پارٹی کا علم سنبھالیں‘ سردار حر بخاری سے ٹیلیفونک گفتگو

اتوار 22 مئی 2016 18:04

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 مئی۔2016ء) بینظیر بھٹو شہید کی سابق پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان نے کہا ہے کہ نام نہاد قیادت کی غلط پالیسیو ں کے باعث ملکی سیاست میں پیپلز پارٹی کا کردار نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے ،اب وقت آ گیا ہے کہ کارکن خاموشی توڑ دیں اورعملی طور پر باہر نکل کر پارٹی کا علم سنبھالیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز پارٹی رہنما سردار حر بخاری سے ٹیلیفونک رابطے میں گفتگو کرتے ہوئے ناہید خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو آج جس نہج پر پہنچا دیا گیا ہے اس پر کارکن خون کے آنسو رورہے ہیں لیکن پیرا شوٹ کے ذریعے آنے والوں کوا س کا ذرا برابر بھی احساس نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی جس کا ملکی سیاست میں ایک اہم کردار ہوتا تھا آج اس کی جگہ دوسری پارٹیوں نے لے لی ہے ۔پیپلز پارٹی نے بطور اپوزیشن جو کردار نبھایا ہے اس کے نتائج آنے والے انتخابات میں بھگتنا پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کارکنوں کو بھٹو شہید اور بی بی شہید کی پیپلز پارٹی کو بچانا ہے تو انہیں مزید خاموش رہنے کی بجائے عملی طور پر باہر نکل کر پارٹی کا علم سنبھالنا ہوگا بصورت دیگر وقت ہاتھ سے نکل جائے گا۔

متعلقہ عنوان :