صوبے کی عوام کی حفاظت اور امن وامان کی بحالی ایف سی کی اولین ذمہ داریوں میں شامل ہے، میجرجنرل شیرافگن

تعلیم کاحصول ہی ہمیں پسماندگی سے نکالنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے،قبائلی عمائدین سے خطاب

اتوار 22 مئی 2016 18:03

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 مئی۔2016ء) آئی جی ایف سی میجرجنرل شیرافگن نے کہا ہے کہ صوبے کی عوام کی حفاظت اور امن وامان کی بحالی ایف سی کی اولین ذمہ داریوں میں شامل ہے۔عوام قیام امن ،ترقی اور خوشحالی کے لئے دہشتگردوں کے خلاف سیکورٹی فورسزکے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں۔یہ بات انہوں نے اتوار کو مکران سکاؤ ٹس تربت میں ظہرانے کے موقع پر قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،آئی جی ایف سی میجرجنرل شیرافگن نے کہا ایف سی صوبے میں امن کے قیام کے ساتھ ساتھ تعلیم کے فروغ میں بھی عملی کرداراداکررہی ہے کیونکہ تعلیم کاحصول ہی ہمیں پسماندگی سے نکالنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے، اقتصادی راہداری منصوبہ ملک اوربلخصوص بلوچستان کی ترقی کی ضمانت ہے اورصوبے میں ترقیاتی کاموں میں رخنہ ڈالنے والوں کوکیفرکردارتک پہنچانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گاانہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے پُرتشدد موقف کویکسرمسترد کرکے امن کادامن تھام لیا ہے۔

(جاری ہے)

آئی جی ایف سی میجرجنرل شیرافگن نے تر بت میں ایف سی مکران سکاؤٹس کی جانب سے از سرنو تزئین و آرائش کردہ بلنگور ہائی اسکول کا دورہ اورقبائلی عمائدین سے ملاقاتیں بھی کیں۔ اساتذہ اور طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے ان کو در پیش مسائل کے حل کے لیے ہدایات جاری کیں ۔آئی جی ایف سی نے معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے گورنمنٹ ہائی اسکول بلنگور کو ایف سی پبلک اسکول کے طرز پر چلانے کا ا علان کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی صوبے میں امن کے قیام کے ساتھ ساتھ تعلیم کے فروغ میں بھی عملی کرداراداکررہی ہے کیونکہ تعلیم کاحصول ہی ہمیں پسماندگی سے نکالنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ہمارے بچوں کے ہاتھ سے قلم چھین کر ہتھیار تھمائے ہیں دراصل وہ اپنے بیرونی آقاؤں کے ایما پرکام کررہے ہیں،آئی جی ایف سی نے ایف سی بلنگور چیک پوسٹ کا دورہ کرتے ہوئے جوانوں سے ملاقات کی اور امن کے قیام کے لیے ان کے حوصلے اور غیر متزلزل عزم کی تعریف کی۔

متعلقہ عنوان :