کراچی ، عائشہ منزل پر پولیس کے 2 اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ درج

مقدمے میں قتل اور انسداد دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں

اتوار 22 مئی 2016 17:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 مئی۔2016ء) کراچی کے علاقے عائشہ منزل پر گزشتہ روز ٹریفک پولیس کے 2 اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا، مقدمے میں قتل اور انسداد دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں ، ٹریفک پولیس اہلکاروں کے تحفظ کیلئے آر آر ایف کمانڈوز تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جبکہ حملے کے شبہ میں دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔

گزشتہ روز عائشہ منزل پر فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے ٹریفک پولیس کے دو اہلکاروں اکرم اور شکیل کے قتل کا مقدمہ الزام نمبر174/16سیکشن آفیسر ساجد شیخ کی مدعیت میں سی ٹی ڈی گارڈن تھانے میں درج کر لیا گیا۔ مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے ، مقدمے میں قتل اور دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔ حملے کے بعد ٹریفک پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد اعلیٰ حکام نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کے تحفظ کی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق شہر کے حساس علاقوں ضلع غربی ، ضلع وسطی میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کے تحفظ کیلئے آر آر ایف کمانڈوز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ٓر آر ایف کمانڈوز کی 4 پلاٹونز شہر بھر میں تعینات کی جائیں گی۔ دوسری جانب پولیس نے ہفتے اتوار کی درمیانی شب مجاہد کالونی میں ایک کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔دونوں دہشتگرد ٹریفک پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث بتائے جاتے ہیں۔پولیس نے ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا۔

متعلقہ عنوان :