دنیا بھر میں 20لاکھ سے زائد خؤاتین فیسٹولا کی بیماری میں مبتلا

پاکستان میں سالانہ 4سے 5ہزار خواتین اس بیماری کا شکار ہوتی ہیں،پروفیسر ڈاکٹر حق نواز

اتوار 22 مئی 2016 17:07

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 مئی۔2016ء)پروفیسر ڈاکٹر حق نواز نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں 20لاکھ سے زائد خؤاتین فیسٹولا کی بیماری میں مبتلا ہیں جبکہ پاکستان میں سالانہ 4سے 5ہزار خواتین اس بیماری کا شکار ہوتی ہیں ، حکومت فیسٹولا کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائے تاکہ خواتین کو ب نیادی اور ایمرجنسی صحت کی سہولیات میسر آسکیں۔

یہ بات انہوں نے اتوار کو ڈاکٹر احسان تبسم کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ فیسٹولا کی بیماری بدقسمتی سے ترقی پذیر ممالک میں بسنے والی عورتوں کی ایسی بیماری ہے جس سے نہ صرف بچاجاسکتا ہے بلکہ اسکا موثر علاج بھی ممکن ہے یہ بیماری زچگی کے دورانیے کا طویل ہونے کی وجہ سے ہوتی ہے اور عدوران زچگی بچے کے پھنس جانے کی وجہ سے پیشاب اور بعض اوقات پاخانے کی تھیلیوں میں سوراخ ہوجاتا ہے جس سے مسلسل پیشاب اور پاخانہ بہتا رہتا ہے ہزاروں عورتیں ہر سال اس شرمناک بیماری کی وجہ سے معاشرے سے کٹ جاتی ہیں اور تنہائی کی زندگگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 21نومبر2012ء کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک متفقہ قرار داد کے ذریعے 23مئی کو دنیا بھر میں انٹرنیشنل فیسٹولا ڈے کے حوالے سے منانے کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ دنیا بھر میں ماؤں کی صحت کے حوالے سے آگاہی اجاگر کی جاسکے اور فیسٹولا جیسی مہلک بیماریوں سے بچاجاسکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نیشنل فورم آن وومن ہیلتھ 2005ء سے یو این ایچ پی اے کے تعاون سے ایسی تمام خواتین کی مہلک بیماریوں کا ملک بھر میں مفت علاج کر رہی ہے جو فیسٹولا کے مرض میں مبتلا ہیں ملک بھر میں ایسے 13مراکز بنائے گئے ہیں جہاں پر ان مریضوں کا نہ صرف مفت علاج کیا جاتا ہے بلکہ انہیں سفری اخراجات بھی دیئے جاتے ہیں تاکہ وہ فیسٹولا مرکز میں پہنچ سکیں یہ مراکز کراچی ،حیدرآباد ، ملتان ،لاہور ،کوئٹہ ، پشاور،اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں واقع ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان فیسٹولا کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے تاکہ بڑے پیمانے پر مڈوائف کی ٹریننگ شروع کی جائے ہر حاملہ خاتون کی دیکھ بھال اور زیر نگرانی زچگی کا عمل ممکن بنایا جاسکے اورفیسٹولا سے بچاؤ ممکن ہوسکے اور تمام بنیادی صحت کے مراکز اور دیہی مراکز مکمل طور پر کام شروع کریں تاکہ خواتین کو بنیادی اور ایمرجنسی صحت کی سہولیات میسرآسکیں۔ ایک سوال کے جواب میں پروفیسر حق نواز نے بتایا کہ اس وقت دنیا بھر میں 20لاکھ سے زائد خواتین فیسٹولا کی بیماری میں مبتلا ہیں جبکہ پاکستان میں سالانہ تقریباً4سے 5ہزار خواتین اس بیماری کا شکار ہوتی ہیں ۔