کاشتکار زرعی مطبوعات سے استفادہ کریں ،زرعی ترجمان

اتوار 22 مئی 2016 16:46

راولپنڈی۔22مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 مئی۔2016ء) محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ زرعی فصلات کی پیداوار بڑھانے کے لئے جدید زرعی ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں، اس مقصد کے لئے محکمہ زراعت پنجاب نے صوبہ میں پیدا ہونے والی بیشتر فصلات کے لئے جدید زرعی ٹیکنالوجی، پیداواری منصوبہ جات، منظور شدہ اقسام، عناصر صغیرہ و کبیرہ کی ضروریات، وقت کاشت، شرح بیج اور دیگر کاشتی امور پر مشتمل زرعی مطبوعات تیار کی ہیں جن میں امردو کی کاشت، بارانی علاقوں کے چارے، گوداموں میں غلہ کی حفاظت، کھمبی کی کاشت، کچن گارڈننگ، پنجاب میں آلو کی کاشت، مکئی کی کاشت، پوٹھوار کے پھل، پنجاب کی دالیں، پلاسٹک ٹنل میں سبزیوں کی کاشت، مگس بانی، پھلوں کی کاشت، پھلوں اور سبزیوں کی مصنوعات، پنجاب کے چارے، تیلدار اجناس کی کاشت، پھولوں کی کاشت، کلراٹھی زمینوں کا منافع بخش استعمال، موسم گرما کی سبزیاں، موسم سرما کی سبزیاں، ادویاتی پودوں کی کاشت، ترشاوہ پھل، کماد کی کامیاب کاشت اور دیگر فصلات کے بارے میں زرعی مطبوعات شامل ہیں جو کاشتکاروں کی رہنمائی کے لئے محکمہ زراعت کے متعلقہ شعبہ سے انتہائی مناسب قیمت پر حاصل کی جاسکتی ہیں۔

(جاری ہے)

ان کے علاوہ محکمہ زراعت کے ماہرین کی کاوشوں سے پندرہ روزہ ”زراعت نامہ“ باقاعدگی سے شائع کیا جاتا ہے جس کی سالانہ ممبر شپ فیس 120/- روپے بمعہ ڈاک خرچ ہے۔ کاشتکار ”زراعت نامہ“ کی ممبر شپ حاصل کرکے تمام موسمی فصلات سے متعلق جدید زرعی ٹیکنالوجی اور سفارشات اپنے گھر کی دہلیز پر حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ تمام زرعی مطبوعات محکمہ زراعت پنجاب کے زرعی ماہرین کی کاوش کا نتیجہ ہیں۔ جن کے حصول کیلئے کاشتکار میڈیا لائزان یونٹ، ایگریکلچر کمپلیکس، شمس آباد، مری روڈ، راولپنڈی پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ مزید معلومات و رہنمائی کیلئے کاشتکار دفتری اوقات میں فون نمبر 051-9292165 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :