Live Updates

تعلیمی شعبے میں دنیا کے 50ممالک میں پاکستان کا 100میں سے صرف9.2سکور حاصل کرنا لمحہ فکریہ ہے ‘ مسرت چیمہ

ایک بین الاقوامی ادارے سے فنڈنگ حاصل کرنے کیلئے بھٹو ں سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کامصنوعی آپریشن کیا گیا ‘ رہنما پی ٹی آئی

اتوار 22 مئی 2016 12:23

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 مئی۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ تعلیم کے میدان میں دنیا کے 50ممالک کی رینکنگ میں پاکستان کا 100میں سے صرف 9.2سکور حاصل کرنا لمحہ فکریہ ہے ،ایک بین الاقوامی ادارے سے فنڈنگ حاصل کرنے کیلئے بھٹو ں سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کامصنوعی آپریشن کیا گیا ۔ اپنے ایک بیان میں مسرت چیمہ نے کہا کہ جب حکمرانوں کے سر پر صرف پل اور سڑکیں بنانے کا بھوت سوار ہوگا تو تعلیم اورصحت سمیت دیگر شعبوں میں پاکستان کا یہی حال ہوگا جو تعلیم کے حوالے سے جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ چین نے اس فہرست میں83.5سکور حاصل کئے لیکن بد قسمتی سے ہمارے حکمران اس شعبے میں کبھی بھی چین سے کوئی مدد نہیں لیں گے کیونکہ ایسا کرنے سے غریب کی زندگی میں بہتری آنے کی امید پیدا ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں ہم متحدہ عرب امارات اور لبنان سے بھی پیچھے ہیں جو لمحہ فکریہ ہے ۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ موجودہ حکومت صرف نمود و نمائش والے منصوبوں پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اورغریب عوام اس کی ترجیحات میں ہی شامل نہیں ۔انہوں نے کہا کہ میٹرو ٹرین پر تو قرض لے کر 200ارب روپے لگا دئیے گئے لیکن لاہور جیسے شہر میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی سہولت میسر نہیں اور وہ پینے کے صاف پانی کے حصول کیلئے قطاروں میں لگے ہوئے نظر آتے ہیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات