عوام،پولیس اور رینجرز کے تعاون سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا،ٹریفک پولیس کے اہلکاروں پر حملہ شہر کے امن کو خراب کرنے کی گھناؤنی سازش ہے

وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات مولابخش چانڈیو کی عائشہ منزل پر ٹریفک پولیس اہلکاروں پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت

ہفتہ 21 مئی 2016 22:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات وآرکائیوز مولابخش چانڈیو نے ہفتہ کی دوپہر عزیز آباد عائشہ منزل پر ٹریفک پولیس اہلکاروں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بذدلی کارروائی شہر کے امن کو خراب کرنے کی گھناؤنی سازش ہے ،کراچی سے جاری بیان میں صوبائی مشیر نے کہا کہ دہشتگردی کا یہ واقعہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے کام میں کھلی مداخلت ہے،تاہم دہشتگردوں کو سمجھ لینا چاہئیے کہ ایسی کارروائیوں سے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ واقعے کا وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ دہشتگردوں پر نظر رکھی جائے اور صوبے بھر خاص کراچی میں لوگوں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے،انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ٹریفک پولیس پر ہونے والے حملوں کے بعد سندھ حکومت نے ان کی حفاظت کے لئے بلٹ پروف جیکٹس فراہم کیں اور اسلحہ بھی دیا،انہوں نے کہا کہ آج کے واقعے میں دونوں اہلکاروں کے سروں میں دہشتگردوں نے گولیاں ماری ہیں،اپنے مذمتی بیان میں مولابخش چانڈیو نے مزید کہا کہ اس حملے کا مقصد شہر میں قائم امن کو دہشتگردی کی فضا میں تبدیل کرنا ہے،انہوں نے کہا کہ جو عناصر اس حملے میں ملوث ہوئے ان کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا،حکومت ایسی کارروائیوں کو نظر انداز نہیں کرے گی،مولا بخش چانڈیو نے باور کرایا کہ دہشتگردوں ،بھتہ خوروں اور فرقہ واریت،اسٹریٹ کرائمز ودیگر جرائم میں ملوث مجرموں کے خلاف پولیس اور رینجرز آپریشن کے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں اور وہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :