سورج آگ برساتا رہا ،شدید گرمی کیساتھ لوڈ شیڈنگ ،پانی کی قلت نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا

مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے ،شدید گرمی اور لو لگنے سے متعدد افراد بیہوش ،طبی امداد کیلئے ہسپتالوں میں داخل کر ادیا گیا

ہفتہ 21 مئی 2016 19:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مئی۔2016ء) پنجاب سمیت ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں سورج آگ برساتا رہا ،شدید گرمی کیساتھ بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور پانی کی قلت نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا جسکے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری ہے ،شدید گرمی اور لولگنے سے متعدد افرادبیہوش ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتالوں میں داخل کر ادیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب سمیت ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں گزشتہ روز بھی گرمی کی شدت اپنے عروج پر رہی جس سے نظام زندگی معطل ہو کر رہ گیا ۔ موسم کی شدت کے باعث بازار ،مارکیٹیں اور شاہراہیں سنسان رہیں تاہم سورج ڈھلتے ہی کاروبار زندگی بحال ہونا شروع ہو گیا ۔ ذرائع کے مطابق بجلی کی طلب اور رسد میں فرق ختم نہیں ہو سکا اور گزشتہ روز بھی مختلف شہری علاقوں میں 9سے 11جبکہ دیہی علاقوں میں 16سے 18گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی گئی جبکہ کئی علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری طرف پانی کی قلت بھی بر قرار ہے ۔ لوڈ شیڈنگ کے باعث ٹیوب ویل نہ چلنے سے عوام کو پینے کا پانی بھی دستیاب نہیں اور لوگ دور دراز علاقوں سے پانی بھر کر لانے پر مجبور ہیں۔ بجلی اور پانی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف گزشتہ روز بھی مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے جس میں مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔

متعلقہ عنوان :