بجلی لوڈشیڈنگ ، سردارگڑھی کے عوام نے جی ٹی روڈ بند کردیا

ہفتہ 21 مئی 2016 19:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مئی۔2016ء) بجلی کی طویل اورغیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف سردارگڑھی پشاور کے عوام نے احتجاجاً جی ٹی روڈ بند کردیا۔مظاہرین کی قیادت پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی رہنما رحم بادشاہ شیرپاؤ کررہے تھے۔ جی ٹی روڈ کو تین گھنٹے کیلئے ہرقسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیاگیاجسے بعد میں حکام کی یقین دہانی کے بعد کھول دیاگیا۔

گذشتہ روز سردارگڑھی پشاورمیں بجلی کی طویل اورغیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے علاقے کے عوام عاجزآگئے اوربالآخررحم بادشاہ شیرپاؤکی قیادت میں لالہ سب ڈویژن اورپیسکوحکام کے ناروارویے کے خلاف چمکنی موڑ پر جی ٹی روڈ کوہرقسم کی ٹریفک کیلئے بندکردیاگیا۔احتجاج کے موقع پر اعلی پولیس حکام بھی پہنچ گئے اور بعدازاں ایس پی رورل شاکراﷲ بنگش نے مظاہرین اوران کی قیادت سے بات چیت کی اوران کی یقین دہانی کے بعدروڈ کوٹریفک کیلئے کھول دیاگیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پولیس حکام کو رحم بادشاہ شیرپاؤ نے آگاہ کیاکہ علاقے سے پیسکو کو99 فیصد ریکوری ہورہی ہے لیکن 16،16گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کے فیڈرکو لالہ سب ڈویژن کی بجائے نشترآبادسب ڈویژن منتقل کی جائے کیونکہ لالہ سب ڈویژن میں خودسار ے چور بیٹھے ہیں اور سزا غریب عوام کو دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ لالہ سب ڈویژن میں سارے کرپٹ عناصر موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر ان کے مطالبات نہیں مانے گئے تووہ پھر سخت سے سخت احتجاج پرمجبورہوجائیں گے جس کی تمام ترذمہ داری پیسکو حکام پر ہوگی۔ایس پی رورل نے اس موقع انہیں یقین دلایا کہ ان کے مطالبات پیسکو حکام پرواضح کئے جائیں گے اور اس ضمن میں اپنی جانب سے ہرممکن تعاون کایقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :