حکومت و فاقی بجٹ میں صنعتوں کے درآمدی خام مال پر کسٹم ڈیوٹی واپس لینے کا اعلان کرے ،شیخ محمد ارشد

ہفتہ 21 مئی 2016 17:16

لاہور۔21 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 مئی۔2016ء ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ وفاقی بجٹ 2016-17ء میں صنعتوں کے درآمدی خام مال پر کسٹم ڈیوٹی واپس لینے کا اعلان کرے تاکہ پیداواری لاگت میں کمی آئے اور یہ عالمی منڈی میں مد مقابل ممالک کا زیادہ بہتر انداز میں مقابلہ کرسکے۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے کہا کہ مینوفیکچرنگ سیکٹر معاشی انفراسٹرکچر کا سب سے اہم ستون ہے ، یہ نہ صرف لاکھوں افراد کو روزگار مہیا اور حکومت کو محاصل دے رہا ہے بلکہ انتہائی قیمتی زرمبادلہ بھی ملک میں لارہا ہے ۔ شیخ محمد ارشد نے کہا کہ صنعتوں کی پیداواری لاگت مینوفیکچرنگ سیکٹر کے مسائل کی سب سے بڑی وجہ ہے لہذا حکومت کووفاقی بجٹ میں خام مال پر ڈیوٹی اور ٹیکس ختم کر نا چاہئے جس سے صنعتیں عالمی منڈی میں اپنا وہ مقام حاصل کرپائیں گی جو انہیں حاصل ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کا نظام کاروبار دوست بنانے کے لیے نہ صرف اسے آسان اور سادہ بنایا جائے بلکہ ٹیکس ماہانہ بنیادوں کے بجائے سہ ماہی بنیادوں پر وصول کیے جانے چاہیں۔ شیخ محمد ارشد نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان ٹیکس نظام میں ہم آہنگی لاکر اور جامع ڈیٹابیس مرتب کرکے دوہرے ٹیکسوں کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے جنہوں نے تجارتی سرگرمیوں کو متاثر کیا ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے توقع ظاہر کی کہ حکومت تاجر برادری اور معیشت کے وسیع تر مفاد میں وفاقی بجٹ کو تاجر برادری کی اْمنگوں کا ترجمان بنائے گی۔

متعلقہ عنوان :