ایم سی ایل کھلاڑیوں کو معاہدے کے مطابق معاوضہ دینے میں ناکام رہا

ہفتہ 21 مئی 2016 13:04

ایم سی ایل کھلاڑیوں کو معاہدے کے مطابق معاوضہ دینے میں ناکام رہا

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21 مئی۔2016ء)عالمی کرکٹرز ایسوسی ایشن کی فیڈریشن(فیکا) نے دعویٰ کیا ہے کہ ریٹائرڈ کھلاڑیوں کی لیگ ماسٹرز کرکٹ لیگ(ایم سی ایل) نے ابھی تک معاہدے کے مطابق بڑی تعداد میں کھلاڑیوں کو ان کے معاوضوں کی ادائیگی نہیں کی۔آئی سی سی کے ایسوسی ایٹ رکن متحدہ عرب امارات کی منظوری کے بعد گزشتہ سال جنوری اور فروری میں ماسٹر کرکٹ لیگ کے افتتاحی ایڈیشن کا انعقاد ہوا تھا۔

ایونٹ کے شروع سے مختلف قسم کے تنازعات سامنے آتے رہے جس متعدد کھلاڑیوں کے اپنے بورڈز سے اختلافات قابل ذکر ہیں۔فیکا کے چیف ایگزیکٹو ٹونی آئرش نے کہا کہ ہمارے معلومات کے مطابق اب تک صرف ایک ٹیم جمنائی اریبیئنز کے کھلاڑیوں کو وقت پر مکمل ادائیگی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ یہ ایک نیا ایونٹ ہے لیکن ایونٹ کو ختم ہوئے تین ماہ سے زائد گزر چکے ہیں اور یہ صورتحال مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔

(جاری ہے)

ٹونی آئرش نے کہا کہ اگر جمنائی کی ٹیم کیلئے اپنے کھلاڑیوں کو طے شدہ وقت پر ادائیگی ممکن ہے تو پھرمنتظمین نے دوسروں کھلاڑیوں کیلئے وقت پر ادائیگی یقینی کیوں نہیں بنائی۔یاد رہے کہ ایونٹ کا کا شیڈول پاکستان کی اولین ٹی ٹونٹی لیگ پاکستان سپر لیگ سے متصادم تھا اور ابتدا میں اس کا انعقاد گزشتہ سال کے اواخر میں شیڈول تھا لیکن مبینہ طور ہندوستانی ایما پر منعقد ہونے والی اس لیگ کے منتظمین نے جنوری اور فروری میں لیگ کرانے کا حتمی اعلان کیا۔میچز کیلئے گراوٴنڈ کی عدم دستیابی کے سبب پی ایس ایل کے انعقاد میں بھی چند دشواریاں پیش آئیں لیکن تمام تر مشکلات کے باوجود پاکستان سپر لیگ نے مثالی کامیابی حاصل کی جبکہ ایم سی ایل عوام کی زیادہ توجہ کے حصول میں ناکام رہی۔