ماہ شعبان بخشش و مغفرت کا مہینہ ہے،اس بابرکت مہینے میں آنیوالی شب برات میں اﷲ رب العزت توبہ کرنے والے کو گناہوں کے بوجھ سے آزاد کرتے ہیں، سید ہدایت رسول قادری

جمعہ 20 مئی 2016 22:43

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 مئی۔2016ء) تحریک منہاج القرآن کے ضلعی امیر سید ہدایت رسول قادری نے دارالعلوم نوریہ رضویہ گلبرگ اے میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ شعبان بخشش و مغفرت کا مہینہ ہے،اس بابرکت مہینے میں آنیوالی شب برات میں اﷲ رب العزت توبہ کرنے والے کو گناہوں کے بوجھ سے آزاد کرتے ہیں ۔شعبان کا مبارک مہینہ نفرت،کدورت کو ختم کرنے اور معافی،نرمی اور خوشیاں تقسیم کرنے کا مہینہ ہے۔

اس مہینے میں ہمیں ایک دوسرے کیے گلے شکوے ختم کر کے معاف کرنا چاہیے۔لوگوں کو معاف کرنے سے اﷲ تعالیٰ ہمیں معاف کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی،لوڈ شیڈنگ،ہوشرباء مہنگائی،امن و امان کی خراب صورتحال اور انصاف کے حصول کے حوالے عدم تحفظ کا شکار ہے ۔

(جاری ہے)

سانحہ ما ڈل ٹاؤن میں میں 14بے گناہوں کو شہید کرنے اور 150سے زائد افراد کو گولیاں مارنے والے قاتل آزاد اور دندناتے پھر رہے ہیں جبکہ نام نہاد حکمران قانون اور آئین کی بالادستی کی بات کرتے ہیں لیکن عملاً ان اوصاف سے کوسوں دور ہیں۔

اگر یہی حال رہا اور عوام نے اپنے حقوق اور حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے ان قاتل حکمرانوں کو خیر آباد نہ کہا تو یونہی لٹیرے پیدا ہوتے رہیں گے ،انہوں نے کہا کہ ابھی بھی وقت ہے قوم ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں ان چور حکمرانوں کو سمندر برد کرنے کیلئے متحد ہو کر کوشش کر ے اور قرون اولیٰ کے عادل اور بے غرض حکمرانوں کی پاکیزہ زندگیوں پر مبنی تاریخ کے اوراق کو کھنگالنا شروع کر دے اور اپنے آپ کو ان کے کردار میں ڈھالنے کی کوشش کرے ۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمارا معاشرہ اتنا بے حس ہو چکا ہے کہ ہمیں اپنی اولا ،بیوی،خاندان،دوستوں غرض یہ کہ ہر وہ شخص صاف دامن دکھائی دیتا ہے جس کے ساتھ ہمارا کسی نہ کسی طور تعلق ہے ۔سانحہ ماڈل ٹاؤن میں جس طرح مظالم ڈھائے گئے وہ مہذب دنیا کے منہ پر طمانچہ ہے۔ملک میں جنگل کا قانون ہے اور اسے لگام دینے والا کوئی نہیں ۔قوم کو مصلحتوں اور مفادات سے باہر نکل کر اس ظلم کو روکنے میں کردار ادا کرنا ہو گا ،سانحہ ماڈل ٹاؤن انسانی تاریخ کے بد ترین واقعات میں سے ایک ہے ۔