ٹیوٹانے ملازمین کیلئے پروموشن پالیسی مرتب کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ،عرفان قیصر شیخ

جمعہ 20 مئی 2016 22:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 مئی۔2016ء) ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی ( ٹیوٹا ) کے بورڈ نے صوبہ بھر میں کام کرنے والے ٹیوٹا ملازمین کیلئے پروموشن پالیسی مرتب کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی جو ان ملازمین کی ترقی کیلئے طریق کار وضع کرے گی۔ماضی میں ٹیوٹا میں کام کرنے والے ٹیوٹا ملازمین کی ترقی کیلئے طریق کار نہیں بنائے گئے تھے جس سے ملازمین خصوصا اساتذہ اپنے مستقبل کیلئے فکر مند تھے۔

پروموشن پالیسی سے ٹیوٹا ملازمین صوبہ بھر میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کے فروغ کیلئے دلجمعی سے کام کرینگے ۔ ان خیالات کا اظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے ٹیوٹا بورڈ کے 56ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی ، بورڈ ممبران حامد ملہی،عبدالباسط ،اسماعیل خرم، علی پرویز ملک، اظہر اقبال شیخ کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ بورڈ نے اجلاس میں ٹیوٹا ملازمین کی ترقی کیلئے پرموشن پالیسی مرتب کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس میں سید یاور علی کنوینر جبکہ ممبران میں حامد ملہی، عاصم قادری، عبد الباسط، علی پرویز ملک، اسماعیل خرم، سیکرٹری انڈسٹریز کا نمائندہ اور جنرل منیجر ایچ آر ٹیوٹا عاطف طفیل شامل ہونگے۔ یہ کمیٹی ایک ماہ کے اندر اپنی سفارشات پیش کرے گی تاکہ اس کو آئندہ ہونے والے بورڈ کے اجلاس میں پیش کیا جائے اورٹیوٹا ملازمین کی ترقی کیلئے جلد کام شروع کیا جا سکے۔

چیئر پرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ صوبہ بھر میں ٹیکنیکل اور ووکیشنل مہارت کی بہتری کیلئے بیرون ملک ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی تاکہ زیر تربیت افراد کو جدید تربیت فراہم کر کے ان کیلئے روزگار کے بہترمواقع میسر ہو سکیں۔یہ اقدام وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیوٹا دینی مدرسوں میں زیر تعلیم بچوں اور بچیوں کو ہنر سیکھانے کیلئے معاہدے کرے گی اور دینی مدرسے اپنے عمارت میں اپنے وسائل استعمال کرتے ہوئے نوجوانوں کو دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر بھی سیکھانے میں بھرپور مدد فراہم کرے گی۔اس وقت 31دینی مدرسوں میں 14ہزار سے زائد نوجوان دینی تعلیم کے ساتھ ہنر سیکھ چکیں ہیں۔

متعلقہ عنوان :