جیل پولیس کے افسران اپنا قبلہ درست کر لیں،جیلوں میں کرپشن ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، وزیر داخلہ سندھ

وزیر داخلہ نے کرپشن کے الزام میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل شکارپور کو معطل کردیا

جمعہ 20 مئی 2016 22:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 مئی۔2016ء) وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے کہا ہے کہ جیل پولیس کے افسران اپنا قبلہ درست کر لیں،جیلوں میں کرپشن ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر داخلہ نے کرپشن کے الزام میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل شکارپور کو معطل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر جیل خانہ جات سہیل انور خان سیال نے جیل پولیس کے افسران کے ایک اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک اور دعا سے کیا گیا۔اجلاس میں آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن، تمام ڈی آئی جیز اور جیل سپرنٹنڈنٹ سمیت دیگر تمام افسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر جیل خانہ جات سہیل انور خان سیال نے بدعنوانی اور کرپشن کے الزام میں ڈسٹرکٹ جیل شکارپورکے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ علی بخش شیخ کو معطل کر دیا اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ علی بخش شیخ کے خلاف اینٹی کرپشن اور آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگہن کو تحقیقات کا حکم دے دیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے موقع پر سندھ بھر کی جیلوں میں قیدیوں کو سحری اور افطاری سمیت تراویح کی سہولیات فراہم کی جائین۔ وزیر داخلہ نے جیل ریفارمز کے سلسلہ میں تجاویز بھی طلب کرلیں۔ وزیر داخلہ نے وومن جیل میں گاڑیوں سمیت دیگر سہولیات فراہم کرانے کی یقین دہانی کرائی اور جیل میں قید کرمنلز کے باہر رابطوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی جیل خانہ جات کو انکوائری کی ہدایت کی۔

سہیل انور سیال نے اس موقع پر کہا کہ جیل پولیس کے افسران اپنا قبلہ درست کر لیں،جیلوں میں کرپشن ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں قید ایسے افراد کی لسٹ بنائی جائے جو کم جرمانہ ادا نہ کرسکنے کی پاداش میں قید ہوں تاکہ انکی مالی مدد کی جائے۔وزیر داخلہ نے جیلوں میں ترقیاتی کام تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ جیلوں میں مخیر حضرات کی جانب سے ملنے والی امداد کے درست استعمال کو یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر دادو جیل سپرنٹنڈنٹ منصور احمد صدیقی کی بہترین کارکردگی کو سراہا گیا اور انہیں تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :