غربت کی آگ میں جلتے پاکستان کو ممبرا ن پارلیمنٹ کو اپنی تنخواہوں میں اضافہ زیب نہیں دیتا ‘چیئرمین سنی اتحا د کونسل

غریبوں کے نمائندوں نے اپنی مراعات ہزاروں سے لاکھوں کر لی ہیں، فرینڈلی اپوزیشن کی وجہ سے حکومت پانامہ لیکس کی تحقیقات کو لٹکانے میں کامیاب ہو ئی ہے‘صاحبزادہ حامدر ضا

جمعہ 20 مئی 2016 20:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 مئی۔2016ء ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ غربت کی آگ میں جلتے پاکستان کو ممبرا ن پارلیمنٹ کو اپنی تنخواہوں میں اضافہ زیب نہیں دیتا ، غریبوں کے نمائندوں نے اپنی مراعات ہزاروں سے لاکھوں کر لی ہیں، فرینڈلی اپوزیشن کی وجہ سے حکومت پانامہ لیکس کی تحقیقات کو لٹکانے میں کامیاب ہو ئی ہے،پانامہ لیکس پر حکومت اور اپوزیشن نے ایک دوسرے کو تحفظ دیا تو شدید احتجاج کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ رضویہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ مک مکا احتساب کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔موجودہ حکومت کے دو ر میں خود کشیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت کسانوں کا معاشی قتل بند کرے۔کسانوں کے مطالبات کی حمایت کرتے ہیں۔ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے بھارت کی پاکستان مخالف خارجہ پالیسی کامیاب ہورہی ہے۔

حکومت نے وزارت کو دو بابوں کے سپرد کررکھا ہے۔حکومت کا تین سالوں میں مستقل وزیر خارجہ کا تقرر نہ کرنا افسوسناک ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومت شفاف احتساب کیلئے عملی اقدامات کرے۔غریب لوگ جسم کے اعضاء فروخت کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں اور بے روزگار نوجوان ڈگریاں جلا رہے ہیں لیکن حکمران چین کے بانسری بجا رہے ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ بھارت کی کی آبی دہشتگردی پر حکومت کی خاموشی افسوسناک ہے۔ سانحہ نشتر پارک کا مقدمہ فوجی عدالت میں بھیجا جائے۔حکومت تقریروں اور جلسوں کی بجائے عوامی مسائل حل کرے۔حکومت نے انتخابی وعدے پورے نہ کرکے عوام کو مایوس کیا ہے۔