Live Updates

گڈ گورننس کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ،تین سالہ کارکردگی صفر جمع صفر ہے ‘عبدالعلیم خان

صرف پنجاب کو پاکستان سمجھنے والے یہاں کے مسائل بھی حل نہیں کر سکے ،حکومت کے آخری دن آگئے‘مرکزی رہنماء پی ٹی آئی

جمعہ 20 مئی 2016 20:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 مئی۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نواز لیگ کے تجربہ کار ٹیم ہونے اور گڈ گورننس کے بڑے بڑے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں موجودہ حکومت کی کارکردگی صفر جمع صفر سے آگے نہیں بڑھ سکی اور بڑے شہروں میں عوام پینے کے صاف پانی سے لے کر صحت اور تعلیم کی سہولتوں کو ترس رہے ہیں ۔

عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صرف پنجاب کو پاکستان سمجھنے والے یہاں کے لوگوں کے مسائل بھی حل کرنے میں ناکام رہے ہیں اور ماضی کی طرح ایک مرتبہ پھر شیر اپنے ہی جال میں پھنس چکا ہے اور حکومت کے آخری دن قریب آگئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اقتدار کے تین برس مکمل ہوجانے کے باوجود لوڈ شیڈنگ میں رتی برابر فرق نہیں پڑا اگر لاہور جیسے شہر میں عوام سراپا احتجاج ہیں جبکہ چھوٹے شہروں کا کوئی پرسان حال نہیں اور دوسری طرف اشتہارات کے ذریعے سب اچھا کا راگ الاپ رہی ہے۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ صوبے بھر کے کسان سراپا احتجاج ہیں تحریک انصاف کاشتکار برادری کی مکمل حمائیت کرتی ہے عمرا ن خان نے یکم مئی لاہور کے جلسے میں اپنے خطاب کا آغاز ہی کسانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی سے کیا تھا لیکن پنجاب حکومت کسان دشمنی پر اتری ہوئی ہے اور اب دوبارہ پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاج کرنے والے کاشتکاروں کو میٹھی گولی دے دی گئی ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ عملی طور پر ہر شعبہ سڑکوں پر ہے لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی اور انہیں ہر طرف اچھا ہی نظر آرہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان پاکستان کے عوام کی آخری امید ہیں اور انشا ء اﷲ وہ وطن عزیز کو درپیش مسائل سے نکال کر دم لیں گے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات